راجا ارشاد احمد
سرینگر// کرائم برانچ کشمیر کی اقتصادی جرائم ونگ نے منگل کو کے گاندربل ضلع میں ایک کشمیری پنڈت کی زمین کو دھوکہ دہی سے فروخت کرنے میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے الزام میں ایک پٹواری سمیت چار افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔ایک اہلکار نے بتایا، “کرائم برانچ نے زمین کی دھوکہ دہی اور مجرمانہ سازش کے معاملے میں چار افراد کے خلاف ایک فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (FIR) درج کی ہے جس میں تقریباً ایک ایکڑ زمین کی نشاندہی کی گئی ہے”۔انہوں نے بتایا کہ ملزمان کی شناخت پٹواری خورشید احمد بٹ، غلام نبی بٹ، ساجد رشید پرے اور عبدالرشید پرے کے نام سے ہوئی ہے۔یہ مقدمہ ایک تحریری شکایت کے بعد درج کیا گیا تھا جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ ریونیو اہلکار کی قیادت میں ملزمان نے دھوکہ دہی سے زمین کے مالکان ظاہر کیا اور گاندربل علاقے میں نونر میں زمین کی فروخت کا معاہدہ کیا۔انہوں نے کہا کہ “زمین کو ملزم کی ملکیت کے طور پر پیش کیا گیا تھا لیکن بعد میں پتہ چلا کہ یہ ایک تارکین وطن کشمیری پنڈت کی ملکیت ہے اور کسی تیسرے فریق کے ذریعہ اسے پاور آف اٹارنی کے تحت رکھا گیا ہے”۔اہلکار نے کہا کہ شکایت کنندہ نے دھوکہ دہی کا پتہ لگانے سے پہلے ہی 2.76 کروڑ روپے کی کل رقم میں سے 1.19 کروڑ روپے ادا کر دیے تھے۔عہدیدار نے کہا کہ ابتدائی تفتیش میں ایک مجرمانہ سازش کا انکشاف ہوا ہے جس میں جعلی دستاویزات، اور جان بوجھ کر دھوکہ دیا گیا ہے، اس طرح قانون کے تحت قابل سزا جرموں کو قائم کیا گیا ہے۔