یو این آئی
نئی دہلی//مرکزی وزیر زراعت شیوراج سنگھ چوہان نے پیر کو جعلی کھاد، بیج اور جراثیم کش ادویات فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔ چوہان یہاں محکمہ زراعت اور انڈین ایگریکلچرل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (آئی سی اے آر)کے اعلیٰ عہدیداروں کی ایک اعلی سطحی میٹنگ سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے میٹنگ میں موجود عہدیداروں سے کہا کہ اگر خراب ادویات کی وجہ سے کسانوں کی فصلوں کو نقصان پہنچتا ہے تو اسے بہت سنجیدگی سے لیا جائے۔ ایک دو نہیں بلکہ سینکڑوں کسان جعلی ادویات اور جراثیم کش ادویات کی وجہ سے بہت پریشان ہیں۔ چوہان نے کہا کہ انہوں نے خود کسانوں کے کھیتوں کا دورہ کیا ہے اور دیکھا ہے کہ خراب ادویات کی وجہ سے فصل برباد ہو گئی ہے۔ دراصل جعلی کھاد، بیج اورجراثیم کش ادویات کسانوں کیلئے ایک لعنت ہیں۔ اس لئے عہدیداروں کو خود کھیتوں میں جاکر تحقیقات کرنی چاہئے۔ محکمہ زراعت کے افسران بڑے پیمانے پر اچانک چھاپوں کی مہم چلا کر کارروائی کریں۔مرکزی وزیر نے پولی ہائوس، گرین ہائوس، میکانائزیشن کیلئے مرکزی حکومت کی طرف سے دی جانے والی امداد کی تصدیق کرنے کی بھی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ اس کے لیے کسانوں میں وسیع پیمانے پر بیداری بھی پھیلانا ہو گی۔ چوہان نے کہا کہ اگر کارروائی ہوتی ہے تو اس میں ملوث افراد کے ذہنوں میں خوف پیدا ہوتا ہے اور کسانوں کو راحت ملتی ہے۔ اگر افسران کو کوئی بے ضابطگی نظر آئے تو وہ ایسی فیکٹریوں اور دکانوں کو سیل کر دیں۔