عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی پبلک اکائونٹس کمیٹی (پی اے سی) نے کل اسمبلی کمپلیکس سری نگر میں ایک میٹنگ منعقد کی جس میں محکمہ تعمیراتِ عامہ (پی ڈبلیو ڈِی) سے متعلق آڈِٹ پیراز کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ کی صدارت پی اے سی کے چیئرمین شیام لال شرما نے کی۔کمیٹی نے محکمہ پی ڈبلیو ڈی (آر اینڈ بی) ڈیپارٹمنٹ سے متعلق آڈِٹ پیراز 4.8 (2000-01)، 4.7 (2001-02) اور 3.20 تا 3.23 (2016-17) کا تفصیلی جائزہ لیا۔اراکین نے اہم مسائل پر تبادلہ خیال کیا جن میں معقول اور بروقت فنڈ مختص کرنا، جیو ٹیگنگ، تکنیکی و اِنتظامی منظوری، ڈِی پی آرکی تیاری، جنگلات سے کلیئرنس، ٹینڈرنگ اور اِی۔ ٹینڈرنگ کا عمل اور مالیاتی ضابطوں کی پابندی شامل تھے۔چیئرمین نے جموں و کشمیر کے تمام اَضلاع میں سڑکوں کے نیٹ ورک کو مضبوط بنانے اور بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ بہتر رابطہ عوام کی بنیادی ضرورت ہے اور منصوبوں کی معیاری تکمیل کے لئے سخت نگرانی ناگزیر ہے۔کمیٹی نے منصوبوں کی بروقت تکمیل، عوامی سہولیت کے لئے تباہ شدہ سڑکوں کی فوری مرمت اور کشمیر میں کام کے موسم سے بھرپور اِستفادہ کے لئے بروقت ٹینڈرنگ پر زور دیا۔ کمیٹی نے ہدایت دِی کہ زیرِ اِلتوأ کاموں کو جلد مکمل کیا جائے اور مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے۔چیئرمین موصوف نے منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر کے لئے متعلقہ اَفسران کی جوابدہی مقرر کرنے کی ہدایت بھی دی۔ اُنہوں نے مالیاتی ضابطوں کی خلاف ورزیوں اور فنڈز کی تقسیم میں بے ضابطگیوں پر مبنی ایک جامع رپورٹ طلب کی۔اُنہوں نے محکمہ تعمیراتِ عامہ کے اہم کردار کو اُجاگر کرتے ہوئے اس کے کام میں شفافیت، جوابدہی اور سنجیدگی پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ پبلک اکائونٹس کمیٹی (پی اے سی) کا مقصد حکومتی نظام میں شفافیت، مالی نظم و ضبط اور جوابدہی کو فروغ دینا ہے۔