عظمیٰ نیوزسروس
جموں// فوج کی شمالی کمان کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل پراتک شرما نے نگروٹہ میں واقع وائٹ نائٹ کور میں جموں خطے میں سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے کور گروپ میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ کے دوران انہوں نے خطے میں مختلف سیکورٹی ایجنسیوں کے درمیان ہم آہنگی کی سراہنا کی۔فوج کی وائٹ نائٹ نے ’ایکس{ پر ایک پوسٹ میں کہا’’فوج کی شمالی کمان کے کمانڈرلیفٹیننٹ جنرل پراتیک شرما نے نگروٹہ میں فوج، پولیس، سی آر پی ایف اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے سینئر عہدیداروں کے ساتھ کور گروپ سیکورٹی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی‘‘۔پوسٹ میں مزید کہا گیا’’انہوں نے ایجنسیوں کے درمیان کوششوں اور ہم آہنگی کے لیے سب کی سراہنا کی‘‘۔
جموں میں منشیات فروش گرفتار، ہیروئن جیسا ممنوعہ مواد بر آمد: پولیس
عظمیٰ نیوزسروس
جموں// منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈائون کو جاری رکھتے ہوئے جموں پولیس نے ایک منشیات فروش کو گرفتار کرکے اس کی تحویل سے ہیروئن جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا ہے ۔ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بی بی پی چھکرولی کی ایک پولیس ٹیم نے معمول کی گشت کے دوران گھرانی سے چھکرولی کی طرف آ رہے ایک مشکوک شخص کو پیدل سفر کرتے ہوئے دیکھا۔انہوں نے کہا کہ پولیس کو دیکھ کر اس مشکوک شخص نے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم اس کو موقع پر ہی دھر لیا گیا۔ان کا کہنا ہے کہ تلاشی کے دوران اس کی تحویل سے 5.48 گرام ہیروئن جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا گیا جس کے بعد اس کو گرفتار کیا گیا۔ملزم کی شناخت سشیل سنگھ عرف گبر ولد ستپال سنگھ ساکن بالہ سچھیت گڑھ کے طور پو کی گئی ہے ۔بیان میں کہا گیا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن آر ایس پورہ میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئیں۔انہوں نے کہا کہ جموں پولیس معاشرے سے منشیات کی بیخ کنی کو یقینی بنانے کے لئے پر عزم ہے ۔