عظمیٰ ویب ڈیسک
گاندربل/سنٹرل کشمیر کے ضلع گاندربل میں اتوار کو بٹ سرسہ پورہ روڈ کے کنارے ایک کم عمر لڑکی کی نعش برآمد ہوئی ہے۔تفصیلات کے مطابق ایک پولیس افسر نے بتایا کہ اطلاع ملتے ہی ایک ٹیم جائے وقوعہ پر روانہ کی گئی۔ علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کر دی گئی ہے، افسر نے کہاواقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔انھوں نے کہا کہ متوفیہ کی شناخت کیس کی حساسیت کے باعث ظاہر نہیں کی گئی۔ وہ ساتویں جماعت کی طالبہ تھی۔
مزید تفصیلات کے مطابق متوفیہ کے ایک اہل خانہ نے بتایا کہ لڑکی صبح تقریباً 10 بجے اپنی بڑی بہن کے ساتھ سبزیاں لینے کے لیے گھر سے نکلی تھی۔ یہ واقعہ ان کے گھر سے محض 300 میٹر کی دوری پر بٹ سر سہ پورہ گاندربل میں پیش آیا۔
اہل خانہ کا مزید کہنا ہے کہ جب لڑکیاںسڑک پر تھیں تو ایک کار اچانک آکر اُن کے قریب رکی جس میں ڈرائیور سمیت تین افراد سوار تھے ۔ تینوں افراد گاڑی سے باہر نکلے اوربچیوں کو پکڑنے کی کوشش کی اہل خانہ نے بتایاکہ بڑی بہن، جو کہ بیس برس کے قریب عمر کی ہے، نے مزاحمت کی اور کسی طرح جان بچا کر گھر پہنچی اور ہمیں اطلاع دی۔
اہل خانہ اور مقامی لوگ جب موقع پر پہنچے تو انہوں نے کم عمر لڑکی کو سڑک کنارے خون آلود اور نیم مردہ حالت میں پایا۔ اس کے سر پر زخم تھے جس سے یہ صاف عیاں ہو رہا تھا کہ حملہ آوروں نے تیز دھار ہتھیار سے وار کیا ہےجس باعث لڑکی موقعہ پر ہی جاں بحق ہو گئی ۔بتایا جاتا ہے اہل خانہ نے اسے قریبی اسپتال منتقل کرنے کی کوشش کی لیکن وہ راستے میں ہی دم توڑ چکی تھی۔ پولیس بعد میں جائے وقوعہ پر پہنچی اور تفتیش شروع کر دی۔
ایک پولیس افسر نے تصدیق کی کہ نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیجا گیا ہے اور ضروری قانونی و طبی کارروائی مکمل کرنے کے بعد اہل خانہ کے حوالے کر دیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ بڑی بہن کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں اس کا علاج جاری ہے۔اس واقعے نے علاقے میں غم و غصہ پیدا کر دیا ہے۔ مقامی لوگوں نے فوری کارروائی اور مجرموں کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
گاندربل میں دوبہنوں پر حملہ:ایک جاں بحق، دوسری جان بچانے میں کامیاب ، علاقہ میں غم و غصے کی لہر برپا
