عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کٹھوعہ میں بادل پھٹنے کی وجہ سے جان و مال کو ہوئے نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتِ ہند اس مشکل گھڑی میں جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ ہے اور متاثرین کو ہر ممکن امداد فراہم کی جائے گی۔
امت شاہ نے سابق ٹویٹر (ایکس) پر ایک بیان میں کہا کہ انہوں نے جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنرمنوج سنہا اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے فون پر بات کی ہے اور موقعے کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی انتظامیہ کی نگرانی میں راحت اور ریسکیو کارروائیاں مسلسل جاری ہیں جبکہ نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کی ٹیمیں بھی فوری طور پر جائے وقوعہ پر روانہ کر دی گئی ہیں۔وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ مودی حکومت ہر سطح پر جموں و کشمیر کے بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور متاثرین کو نہ صرف فوری ریلیف بلکہ ضروری وسائل اور امداد بھی فراہم کی جائے گی۔
واضح رہے کہ کٹھوعہ ضلع کے جوڈھ کھڈ اور جُتھانہ سمیت کئی علاقوں میں بادل پھٹنے کے نتیجے میں اب تک چار افراد ہلاک، متعدد زخمی اور املاک کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔ مسلسل بارشوں کے باعث دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح خطرے کے نشان کے قریب پہنچ گئی ہے، جس کے پیش نظر انتظامیہ نے لوگوں کو الرٹ رہنے اور آبی ذخائر سے دور رہنے کی ہدایت دی ہے۔
کٹھوعہ بادل پھٹنے کا واقعہ: امت شاہ نے منوج سنہا اور عمر عبداللہ سے فون پر بات کی
