عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/جموں و کشمیر کے ضلع کٹھوعہ میں گزشتہ رات شدید بارشوں کے دوران بادل پھٹنے کے واقعے نے ایک دور افتادہ گاؤں کا رابطہ منقطع کر دیا ہے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بادل پھٹنے کا یہ واقعہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی رات راج باغ علاقے کے جوڑ گھاٹی گاؤں میں پیش آیا، جس سے گاؤں کی رسائی کا نظام متاثر ہوا اور زمین و جائیداد کو جزوی نقصان پہنچا۔پولیس اور اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کی مشترکہ ٹیم کو فوری طور پر متاثرہ گاؤں روانہ کر دیا گیا ہے اور مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
اسی دوران کٹھوعہ پولیس اسٹیشن کے دائرے میں آنے والے بگارڈ اور چنگڈا دیہات اور لکھن پور پولیس اسٹیشن کے دلوَن-ہُتلی علاقے میں بھی زمین کھسکنے کے واقعات پیش آئے، تاہم کسی بڑے نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق لگاتار بارشوں کے نتیجے میں بیشتر آبی ذخائر اور ندی نالوں میں پانی کی سطح میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے جبکہ اوجھ ندی اس وقت خطرے کے نشان کے قریب بہہ رہی ہے۔انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی حفاظت کے پیش نظر دریاؤں اور ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں اور موسمی صورتحال پر نظر رکھیں۔
کٹھوعہ میں بادل پھٹنے سے دور افتادہ گاؤں کا رابطہ منقطع، بارشوں سے ندی، نالوں میں طغیانی
