عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/ضلع انتظامیہ کٹھوعہ نے بادل پھٹنے کے واقعات کے پیش نظر ہنگامی اقدامات کے تحت ایک کنٹرول روم قائم کیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔ضلع کے مختلف حصوں، بالخصوص جوڈھ کھڈ اور جُتھانہ علاقوں میں بادل پھٹنے کے واقعات کے نتیجے میں چار افراد کی جانیں ضائع ہوئیں جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے اور رہائشی و تجارتی املاک کو بھی بھاری نقصان پہنچا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اس سلسلے میں عوام کو محتاط رہنے، موسمی حالات پر نظر رکھنے اور کسی بھی ہنگامی حالت میں فوری طور پر فلڈ کنٹرول روم سے رابطہ کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔انتظامیہ نے مزید کہا کہ ’فلڈ کنٹرول روم کو چوبیسوں گھنٹے فعال رکھا گیا ہے جہاں ایک مانیٹرنگ و ریپڈ ریسپانس ٹیم تعینات ہے۔‘عوامی نمائندوں اور مقامی رضاکاروں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ ضرورت پڑنے پر ریلیف اور ریسکیو کارروائیوں میں انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ انسانی جانوں اور املاک کے مزید نقصان کو روکا جا سکے۔
کٹھوعہ :عوام کو ہائی الرٹ پر رہنے کی ہدایت
