یواین آئی
نئی دہلی // وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے جنوبی کوریا کے اپنے ہم منصب چو ہیون کے ساتھ اپنی بات چیت کو نتیجہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے دو طرفہ تعلقات مستحکم ہوگا۔جنوبی کوریا کے وزیر خارجہ ہندوستان کے دورے پر ہیں اور انہوں نے ہفتہ کو یہاں ڈاکٹر جے شنکر سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد ڈاکٹر جے شنکر نے کہا کہ جنوبی کوریائی ہم منصب کے ساتھ ان کے مذاکرات نتیجہ خیز رہے۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک پوسٹ میں، انہوں نے کہا، آج صبح جنوبی کوریا کے وزیر خارجہ چو ہیون سے مل کر خوشی ہوئی، تجارت، مینوفیکچرنگ، میری ٹائم سیکٹر اور عوامی رابطوں کے ساتھ ساتھ مصنوعی ذہانت، صاف توانائی اور دفاعی شعبے میں ہمارے دوطرفہ تعاون کو آگے بڑھانے پر مثبت اور نتیجہ خیزبات چیت ہوئی۔مذاکرات سے قبل ڈاکٹر جے شنکر نے کہا کہ جنوبی کوریا کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کی 10 ویں سالگرہ کے موقع پر، ہندوستان دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مستحکم کرنے اور اسے نئی بلندیوں تک لے جانے کا خواہاں ہے۔ چو ہیون کے جنوبی کوریا کا وزیر خارجہ منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے ڈاکٹر جے شنکر نے کہا کہ وہ اپنے پرانے دوست کا نئے ساتھی کے طور پر خیرمقدم کرتے ہوئے خوشی محسوس کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوریا کے قومی دن اور ہندوستان کے یوم آزادی کے صرف ایک دن بعد ان کا دورہ ہندوستان دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔