عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //جنوبی ضلع کولگام میں دسویں جماعت کا طالب علم پُر اسرار طور پر مردہ پایا گیا ۔ اس دوران بانڈی پورہ کے مضافاتی علاقے میں ایک شہری کی نعش بر آمد کر لی گئی جبکہ ایچ ایم ٹی سرینگر میں گاڑی الٹ جانے سے 9افراد زخمی ہو گئے ۔پولیس نے بتایا کہ کولگام ضلع کے جاڈی پورہ گاؤں میں 15 سالہ طالب علم مشتبہ حالات میں اس کی رہائش گاہ پر مردہ پایا گیا۔ طالب علم کی شناخت اطہر سبزوار ولد سبزار احمد کے بطور ہوئی، جو دسویں جماعت کا طالب علم تھا۔ حکام نے بتایا کہ تمام قانونی کارروائیاں مکمل کر نے کے بعدمیت کو اہل خانہ کے حوالے ی گئی۔ انہوں نے کہا کہ معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہے ۔ ادھر بانڈی پورہ کے قوئل مقام علاقے سے ایک شہری کی نعش بر آمد ہوئی ۔ شہری کی شناخت بشیر احمد شیرگجری ولد عبدالرحیم کے بطور ہوئی ۔ پولیس نے کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے ۔ اس دوران ایچ ایم ٹی سرینگر کے قریب ایک گاڑی الٹنے سے کم از کم نو افراد زخمی ہو گئے۔پولیس کے مطابق حادثہ صبح ٹی کے کالج کے قریب پیش آیا جس میں 9 افراد زخمی ہوگئے۔انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو طبی امداد کیلئے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ہے جبکہ معاملے کی تحقیقات جاری ہے ۔