عظمیٰ نیوزسروس
جموں //نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے ایم اے اسٹیڈیم جموں میں 79 ویں یومِ آزادی کی تقریبات کے موقع پر قومی پرچم لہرایا ۔نائب وزیر اعلیٰ نے یومِ آزادی پریڈ کے دستوں کا معائینہ کیا اور رسمی سلامی لی ۔پریڈ میں بی ایس ایف ، سی آر پی ایف ، ایس ایس بی ، آئی آر پی ( خواتین اور مرد ) ، جے اینڈ کے پولیس ، جے کے اے پی ، ایس ڈی آر ایف ، جے اینڈ کے فائیر اینڈ ایمر جنسی سروسز ، جے اینڈ کے فاریسٹ پروٹیکشن فورس ، این سی سی ( بوائیز اور گرلز ) اور متعدد سرکاری /نجی اسکولوں کے دستوں ،مختلف براس اور پائپ بینڈ کے کُل 32 دستوں نے حصہ لیا ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے چشوتی کشتواڑ میں ہوئے کلاؤڈ برسٹ میں جان بحق ہونے والوں کے کنبہ اور رشتہ داروں سے گہری تعزیت کا اظہار کیا ۔ اپنی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے ۔اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے 79 ویں یومِ آزادی کے مبارک موقع پر لوگوں کو مبارکباد پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ آزادی ہمیں ہمارے بہادر آبا و اجداد کی قربانیوں ، ہمارے شہداء کے خون اور ہمارے آزادی پسند جنگجوؤں کی جدوجہد کی یاد دلاتی ہے ۔انہوں نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا جنہوں نے اس زمین پر آزادی کی روشنی لانے کیلئے اپنی جانوں کی قربانی دی ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے گذشتہ دس مہینوں میں حکومت کی کامیابیوں کو اجاگر کرتے ہوئے بتایا کہ جموں و کشمیر میں 46 نئی انڈسٹریل اسٹیٹس قائم ہو چکی ہیں اور جموں ، سانبہ ، کٹھوعہ ، پلوامہ اور بڈگام جیسے علاقوں میں نئی فیکٹریاں آ رہی ہیں ۔ اس کے ساتھ ساتھ حکومت نے ایک مقامی روز گار کی پالیسی وضع کی ہے تا کہ جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو روز گار حاصل ہو ۔