عظمیٰ نیوز سروس
منجاکوٹ//تحصیل منجاکوٹ کے مختلف علاقوں میں مسلسل موسلا دھار بارشوں نے تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں کئی مکانات منہدم ہوگئے اور درجنوں خاندان کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہوگئے۔ حیاتپورہ گاؤں میں برکت حسین ولد شاہ محمد، وارڈ نمبر 6 کا مکان شدید متاثر ہوا۔ مکان کی چھت اور دیواروں کو شدید نقصان پہنچا، جس سے رہائش ناقابل استعمال ہو گئی۔ اس اچانک پیش آنے والے حادثے نے متاثرہ خاندان کو شدید ذہنی صدمہ پہنچایا ہے اور اب وہ اپنے گھر کی مرمت کے لئے شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔مقامی باشندوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ برکت حسین کے خاندان کو فوری مالی مدد فراہم کی جائے تاکہ وہ دوبارہ اپنے گھر میں رہائش اختیار کر سکیں۔ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ بارشوں کے باعث کمزور مکانات کو خطرہ لاحق ہے اور انتظامیہ کو بروقت اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ مزید نقصانات سے بچا جا سکے۔اسی دوران، تحصیل منجاکوٹ کے راجدھانی علاقے میں بھی بارشوں نے تباہی مچائی، جہاں ندی کے قریب واقع ندیم خان ولد نصیب اللہ خان کا مکان مکمل طور پر منہدم ہو گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ راجدھانی لوئر کے دیگر مکانات بھی متاثر ہوئے، جن میں کئی خاندانوں کے گھر اور قیمتی سامان مٹی کے ملبے تلے دب گئے۔ متاثرہ خاندانوں نے بتایا کہ وہ نہ صرف اپنے گھروں سے محروم ہو گئے ہیں بلکہ روزمرہ کی ضروری اشیاء بھی کھو بیٹھے ہیں۔مقامی انتظامیہ نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کر کے نقصانات کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے اور ریلیف فراہم کرنے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ تحصیل منجاکوٹ کے سماجی کارکنوں اور عوامی نمائندوں نے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ خاندانوں کو فوری طور پر عارضی رہائش، کھانے پینے کا سامان اور مالی امداد فراہم کی جائے تاکہ وہ اس مشکل وقت میں بحالی کا عمل شروع کر سکیں۔