عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر//لیفٹیننٹ گونر منوج سنہا نے یوم آزادی پر اپنے پیغام میںکہا ہے کہ بھارت نے ایک نئی سرخ لکیر کھینچ دی ہے۔ ملی ٹینسی کی کسی بھی کارروائی کو جنگی کارروائی تصور کیا جائے گا اور ہم دشمن کو منہ توڑ جواب دیں گے ۔79ویں یوم آزادی پرجموں کشمیرکی عوام کومبارکباد پیش کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ یہ وہ دن ہے جب ہم اپنے ترنگے کو سلام کرتے ہیں اور اسے آسمان پر اڑتے ہوئے دیکھ کر فخر محسوس کرتے ہیں۔ میں تمام آزادی پسندوں اور قوم کے بانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے میں ہر شہری کے ساتھ بھی شامل ہوں، جنہوں نے آزاد ہندوستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے عظیم قربانیاں دیں۔ لیفٹیننٹ گورنر نے مجاہدین آزادی اورملک کیلئے اپنی جانیں قربان کرنے والوں کوخراج عقیدت اداکرتے ہوئے پہلگام حملہ میں مارے گئے شہریوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے مسلح افواج، CAPFs اور جموں کشمیر پولیس کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا جنہوں نے مشکل حالات میںیہا ں امن وقانون کو بنائے رکھنے کیلئے لگن سے اپنے فرائض انجام دیئے۔انہوں نے کہاآج میں کسانوں، مزدوروں، اساتذہ، پیشہ ور افراد، سائنسدانوں، کاروباری برادریوں، نوجوانوں اور ناری شکتی کو جموں کشمیر کی سماجی و اقتصادی ترقی میں ان کے زبردست تعاون کے لیے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ مجھے وکست بھارت کی تعمیر میں ان کی صلاحیتوں پر پورا بھروسہ ہے۔ انہوں نے کہاجموں کشمیر کو پچھلے پانچ سالوں میں مضبوط ترقی ملی ہے اور ہم نے اسے ایک ایسا مرکز کے زیر انتظام علاقہ بنایا ہے جو خوشحال، پرامن، انصاف پسندہے اور اپنے تمام شہریوں کے ساتھ یکساں سلوک کرتا ہے۔ یونین ٹیریٹری میں جمہوریت مضبوط ہوئی ہے۔ آج جموں کشمیر خود اعتمادی سے بھر پور قدم پر گامزن ہے اور قوم کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈالنے کے لیے تیار ہے۔ ہم ہندوستانی کے طور پر صرف ایک شناخت کے ساتھ ساتھ مارچ کر رہے ہیں اور آخری سانس تک مدر انڈیا کی خدمت کرنے کا عزم کر رہے ہیں۔