مشتاق الاسلام
پلوامہ// ضلع شوپیان میں غیر قانونی شراب کے کاروبار کے خلاف اب تک کی سب سے بڑی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ بٹ پورہ علاقے میں ضلع انتظامیہ اور پولیس نے مشترکہ چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے غیر ریاستی باشندوں کے قبضے سے 1000 سے زائد شراب کی بوتلیں ضبط کیں۔ایک سرکاری عہدیدار کے مطابق کارروائی خفیہ اطلاع ملنے کے بعد انجام دی گئی، جس میں پولیس اور ضلعی حکام نے بروقت رسائی حاصل کر کے بھاری مقدار میں شراب ضبط کی۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی علاقے میں غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے کیلئے ایک بڑے آپریشن کا حصہ ہے۔ لوگوں نے اس آپریشن کو سراہتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی شراب کا کاروبار نہ صرف سماجی بگاڑ کا سبب ہے بلکہ نوجوان نسل کو بربادی کی طرف دھکیل رہا ہے۔ انہوں نے انتظامیہ اور پولیس کی بروقت کارروائی کو علاقے کے امن و امان کیلئے اہم قرار دیا۔ضلع انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ اس غیر قانونی کاروبار میں ملوث تمام افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور آئندہ بھی ایسے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔ تحقیقات جاری ہیں اور مزید گرفتاریوں کا امکان ہے۔پولیس نے بستی میں مقیم غیر ریاستی خانہ بدوشوں کو پولیس تھانہ طلب کرکے ان سے مزید پوچھ گچھ شروع کردی ہے۔