عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعرات کو اعلان کیا کہ جمعہ کی شام ہونے والی ’’ایٹ ہوم‘‘چائے پارٹی منسوخ کر دی گئی ہے۔یہ فیصلہ کشتواڑ میں بادل پھٹنے سے پیش آنے والے سانحہ کے بعد کیا گیا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پوسٹ میں عمر عبداللہ نے لکھا کہ یوم آزادی کی تقریبات کے دوران ہونے والے ثقافتی پروگرام بھی منسوخ کر دیے گئے ہیں۔
کشتواڑ میں بادل پھٹنے سے پیش آنے والے سانحہ کے پیش نظر، میں نے فیصلہ کیا ہے کہ کل شام کی ‘ایٹ ہوم’ چائے پارٹی منسوخ کر دی جائے۔ ہم نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ کل یوم آزادی کی تقریبات کے دوران ثقافتی پروگرام نہ کیے جائیں۔ تاہم، تقریبات کے رسمی حصے تقریر، مارچ پاسٹ وغیرہ حسبِ منصوبہ منعقد ہوں گے۔قابل ذکر ہے کہ عمر عبداللہ کل بخشی اسٹیڈیم میں 79ویں یومِ آزادی کی تقریبات میں سلامی لیں گے، جہاں حکام کی جانب سے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔