عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/متحدہ مجلس علما جموں و کشمیر نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ اہل بیت اطہار(رض) اور صحابہ کرام(رض) کا احترام و اکرام ہر مسلمان کے ایمان کا لازمی جزو ہے اور اس حوالے سے کسی بھی قسم کی گستاخی یا توہین کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
یہ اعلان آج اُس پینل کے اجلاس میں کیا گیا جو 16 جولائی 2025 کو منعقدہ مجلس کے فیصلے کے تحت تشکیل دیا گیا تھا۔ پینل کا مقصد مولوی عمران رضا انصاری اور اہل سنت والجماعت کے بعض واعظین کے اُن بیانات پر کارروائی کرنا ہے جنہیں علما نے توہین آمیز اور اشتعال انگیز قرار دیا ہے، اور جن میں سوشل میڈیا پر صحابہ کرام اور اہل بیت اطہار کی شان میں نازیبا کلمات شامل تھے۔
اجلاس مفتی اعظم جموں و کشمیر، مفتی ناصر الاسلام کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں مفتی نذیر احمد قاسمی، آغا سید محمد ہادی الموسوی الصفوی، مفتی محمد یعقوب بابا المدنی اور آغا مجتبیٰ الموسوی الصفوی سمیت متعدد علما شریک ہوئے۔
پینل نے اس امر پر افسوس اور برہمی کا اظہار کیا کہ باوجود باضابطہ اطلاع کے، مولوی عمران رضا انصاری اجلاس میں حاضر نہ ہوئے تاکہ وہ اپنے بیانات کی وضاحت پیش کر سکیں۔ علما کا کہنا تھا کہ اس غیر حاضری سے یہ تاثر مزید پختہ ہوا کہ بیانات دانستہ اور اشتعال انگیز تھے، جن سے عوامی جذبات مجروح اور حالات کشیدہ ہوئے۔
پینل نے کہا کہ کسی بھی مذہبی یا عوامی شخصیت کو جواب دہی اور مکالمے کے مواقع سے گریز نہیں کرنا چاہئے اور یہ طرز عمل مذہبی قیادت کے شایان شان نہیں۔ اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ جموں و کشمیر کے تمام مکاتب فکر اس نوعیت کے بیانات کی شدید مذمت اور بھرپور مخالفت کرتے رہیں گے۔علما نے اتحاد، باہمی احترام اور دینی ورثے کے تحفظ کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ اس معاملے پر کوئی سمجھوتہ ممکن نہیں۔
اہل بیت اور صحابہ کرام کی شان میں گستاخی ناقابلِ برداشت: متحدہ مجلس علماء
