عظمیٰ ویب ڈیسک
بارہمولہ/اُوڑی میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب جاری آپریشن میں ایک فوجی اہلکار ہلاک ہوگیا ہے، جس کی تصدیق سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) بارہمولہ، گرندر پال سنگھ نے جمعرات کو کی۔
ایس ایس پی نے، ترنگا بائیک ریلی کے موقع پرمیڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ علاقہ کافی دور دراز ہے اور پولیس ٹیمیں ابھی تک جھڑپ کی صحیح جگہ تک نہیں پہنچ پائی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہلاک فوجی اہلکار کے قانونی و طبی تقاضے مکمل کر لیے گئے ہیں، جبکہ معاملے کی تفتیش کے لیے ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔
دہشت گردوں کی تعداد کے بارے میں پوچھے جانے پر ایس ایس پی نے کہا کہ درست اعداد و شمار ابھی معلوم نہیں ہو سکے کیونکہ آپریشن ابھی جاری ہے۔ جب یہ مکمل ہوگا تو ہم موقع پر جا کر صورتحال کا جائزہ لیں گے۔ انہوں نے کہافوج اپنا کام کر رہی ہے اور ہم جاری کارروائی میں مداخلت نہیں کرنا چاہتے۔
اس سے قبل، حکام نے بتایا کہ فائرنگ کا تبادلہ اس وقت ہوا جب دہشت گردوں نے دراندازی کی کوشش کی۔ یہ واقعہ وادی میں حالیہ برسوں کے سب سے طویل انسدادِ دہشت گردی آپریشن کے چند دن بعد پیش آیا، جو کولگام میں 11 روز تک جاری رہا اور اس میں دو فوجی ہلاک اور دو دیگر زخمی ہوئے تھے۔
اوڑی میں ایل او سی پر آپریشن ابھی بھی جاری ہے: ایس ایس پی بارہمولہ
