عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/اکنامک آفینسز وِنگ (کرائم برانچ کشمیر) نے بدھ کے روز ضلع سری نگر میں متعدد مقامات پر چھاپے مارے۔ترجمان نے جاری ایک بیان میں کہا کہ یہ چھاپے ایف آئی آر نمبر 11/2025 کے تحت دفعہ 420، 467، 468، 471، 120-B آئی پی سی، تھانہ ای او ڈبلیو-ایس (کرائم برانچ کشمیر) کے ایک مقدمے کے سلسلے میں مارے گئے۔
انھوں نے کہا کہ ’’کرائم برانچ کشمیر کو ایک آن لائن شکایت موصول ہوئی تھی، جس میں الزام لگایا گیا کہ شکایت کنندہ کو دو دھوکہ بازوںماجد نذیر نجاز ولد نذیر احمد نجارساکن بٹہ مالو نزد محبوب پبلک اسکول اور مبارک احمد راتھر ولد نثار احمد راتھر ساکن گلشن نگر، گل پوش کالونی نے آدرش کوآپریٹو سوسائٹی، ایس بی آئی لائف انشورنس اور ایچ ڈی ایف سی انشورنس کمپنیوں میں سرمایہ کاری پر بھاری منافع کا لالچ دے کر لوٹا/ دھوکہ دیا۔
بیان میں کہا گیاملزمان نے شکایت کنندہ کو ڈپازٹ سرٹیفکیٹس فراہم کیے، تاہم تحقیقات کے دوران یہ سرٹیفکیٹس جعلی اور من گھڑت پائے گئے۔ ملزمان نے خود کو مختلف مالیاتی اداروں کے مجاز نمائندے اور ایجنٹ ظاہر کرتے ہوئے شکایت کنندہ کو مختلف ڈپازٹ اسکیموں میں سرمایہ کاری کے لیے ورغلایا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ قانون کے متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے تحقیقات کے دوران شواہد نے دونوں ملزمان کی ملوثیت ثابت کی۔ دونوں افراد کو پہلے ہی مزید تحقیقات کے لیے حراست میں لیا جا چکا ہے۔ترجمان نے بتایا کہ گرفتار شدہ ملزمان سے منسلک مختلف مقامات پر ان کے گھروں کی تلاشی جاری ہے، جو اس وقت تفتیش کا حصہ ہے۔
کرائم برانچ کشمیر کی جانب سے سری نگر میں متعدد مقامات پر چھاپے مار کارروائیاں
