یو این آئی
ڈارون/پلیئر آف دی میچ ڈیوالڈ بریویس کی ناٹ آوٹ 125 رنز کی طوفانی سنچری کی بدولت جنوبی افریقہ نے منگل کو دوسرے ٹی 20 میچ میں آسٹریلیا کو 53 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔بریویس نے محض 56 گیندوں پر 12 چوکوں اور آٹھ چھکوں سے مزین ناٹ آوٹ 125 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر جنوبی افریقہ کو 20 اوورز میں سات وکٹ پر 218 رنز کا مضبوط اسکور فراہم کیا۔ جواب میں آسٹریلیا کی ٹیم 17.4 اوورز میں 165 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ بریویس نے فیلڈنگ میں بھی دو شاندار کیچ پکڑے ، جس کے لیے انہیں پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔جنوبی افریقہ کی جانب سے وینا مافاکا اور کاربن بوش نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ آسٹریلیا کی طرف سے ٹم ڈیوڈ نے یک طرفہ مزاحمت کرتے ہوئے 24 گیندوں پر چار چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 50 رنز بنائے ۔ کپتان مچل مارش نے 22، ایلکس کیری نے 26 اور گلین میکسویل نے 16 رنز کا اضافہ کیا۔اس سے قبل آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا، جسے بریویس نے اپنی شاندار سنچری سے مکمل طور پر غلط ثابت کر دیا۔ جنوبی افریقہ نے محض 57 رنز پر اپنے تین وکٹ گنوا دیے تھے ، لیکن بریویس نے ٹرسٹن اسٹبزکے ساتھ چوتھے وکٹ کے لیے 126 رنز کی شاندار شراکت قائم کر کے ٹیم کو بڑے اسکور کی طرف پہنچایا۔ اسٹبزنے 22 گیندوں پر 31 رنز کی اننگز میں تین چوکے لگائے ۔سیریز کا فیصلہ کن میچ 16 اگست کو کیرنزمیں کھیلا جائے گا۔