یو این آئی
نئی دہلی//نیتی آیوگ کے اٹل انوویشن مشن (اے آئی ایم)نے منگل کے روز یہاں میگا ٹنکرنگ ڈے کا انعقاد کیا، جو ملک کا اب تک کا سب سے بڑا اسکول پر مبنی ٹنکرنگ پروگرام ہے۔اس پروگرام میں ملک کی تمام 35 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے دس ہزار سے زائد اٹل ٹنکرنگ لیبز(اے ٹی ایل)کے طلبہ نے شرکت کی۔ ملک بھر کے اسکولوں میں منعقدہ اس تقریب میں 9,467 اے ٹی ایل اسکولوں کے 4,73,350 طلبہ نے حصہ لیا۔ انہوں نے اپنی لیبارٹری کے آلات کا استعمال کرتے ہوئے ویکیوم کلینر ڈیزائن اور تیار کرنے کے ایک منصوبے میں حصہ لیا۔اس میں لیہ، لداخ، کرگل، کشمیر، ویرودھونگر، منی پور، میزورم، اروناچل پردیش، کنیاکماری، بھوج اور کچھ جیسے دور دراز علاقوں کے اسکول بھی شامل ہوئے۔ اے آئی ایم کی ٹیم نے بھی طلبہ کے ساتھ مل کر ایک ویکیوم کلینر تیار کیا۔اس موقع پر اٹل انوویشن مشن کے مشن ڈائریکٹر دیپک باگلا نے کہا کہ وزیر اعظم کے وکست بھارت کے وژن کے مطابق، جہاں اختراع اور نوجوان ملک کی محرک قوتوں میں سے ایک ہیں، میگا ٹنکرنگ ڈے 2025 نچلی سطح پر اختراعی طاقت کی ایک بڑی کامیابی ہے۔ دنیا کے کسی اور ملک نے اس سطح پر اپنی اسکولی ثقافت میں اختراع کو نہیں اپنایا ہے۔