محمد تسکین
بانہال /یکم اپریل سے سرینگر ۔ اننت ناگ اور بانہال کے درمیان دن کے اوقات میں ریل سروس میں ساڑھے پانچ گھنٹوں کے طویل وقفے کاٹائم ٹیبل ہزاروں ریل مسافروں اور سیاحوں کیلئے شدید مشکلات کا باعث بنا ہوا ہے ۔صبح ساڑھے دس بجے سے شام چار بجے تک مقامی ٹرین سروسز کے میسر نہ ہونے سے ہزاروں مسافروں کو ناقابل بیان مشکلات کا سامنا ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق یکم اپریل نیا ٹائم ٹیبل جاری کرنے کا مقصد وندے بھارت ریل سروسز کو بلا خلل چلانا ہے۔نئے ٹائم ٹیبل سے ہزاروں مسافروں اور سیاحوں کیلئے ریل کا سستا ،محفوظ ، کم وقتی اور ٹریفک جام سے پاک سفر اب محدود ہوگیا ہے اور لوگ سڑک کے ذریعے سفر کرنے پر مجبور ہیں۔ ریلوے حکام کی طرف سے یکم اپریل سے لاگو کئے گئے نئے ٹائم ٹیبل کے مطابق صبح اور شام کے اوقات میں بانہال ۔ سرینگر سیکشن میں سات سات ریل گاڑیاں دونوں طرف سے چلیں گیں تاہم دن کے اوقات میں سرینگر اور بانہال کے درمیان ساڑھے پانچ گھنٹے اور بانہال اور سرینگر کے درمیان ساڑھے چار گھنٹے تک کوئی ریل دستیاب نہیں ہوگی ۔
ادھر لوگوں نے دن کے اوقات میں ریل سروس کو معطل رکھنے کے فیصلے پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ ہزاروں مسافروں کو ریل کے سستے سفر سے لگ بھگ محروم کر دیا گیا اور ہزاروں کی تعداد میں عام مسافروں ، سیاحوں ، مریضوں ، طالب علموں اور کاروباری لوگوں کو مسافر گاڑیوں کے ذریعے سفر اختیار کرنا پڑ رہا ہے۔ مقامی لوگوں کا مطالبہ ہے کہ دن کے اوقات میں بانہال ۔ سرینگر سیکشن میں سابقہ ٹائم ٹیبل کے مطابق ریل سروس کو چلایا جائے تاکہ ہزاروں لوگوں کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔
اس بارے ریلوے کے ایک افسر نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ کٹرہ سے سرینگر اور سرینگر سے کٹرہ کے درمیان وندے بھارت کی دو اور میل ایکسپریس کی ایک ریل سروس کو شروع کرنے کے پیش نظر دن کے اوقات میں سرینگر اور بانہال کے درمیان مقامی ریل سروسز کے اوقات تبدیل کر دیئے گئے ہیں تاہم بڈگام اور بارہمولہ کے درمیان معمول کی ریل سروس بغیر کسی خلل کے جاری ہے اور یہاں قریب دس ریل گاڑیاں دونوں طرف سے چلتی ہیں ۔
بانہال -اننت ناگ -سرینگر ریل سروس کا نیا ٹائم ٹیبل مسافروں کیلئے دردِ سر ، مقامی آبادی بذریعہ ریل سفر کرنے کی سہولیت سے محروم
