فیاض بخاری
بارہمولہ // پٹن کے یمرزل کالونی علاقے میں پینے کے صاف پا نی کی شدید قلت پائی جاتی ہے جس کے نتیجے میں مقامی آبادی کو سخت مشکلات درپیش ہیں ۔ مقامی لوگوں کے مطابق محکمہ کو بار بار مطلع کرنے کے باوجود اس مسئلے کے حل کے لیے کوئی ٹھوس کارروائی نہیں کی گئی۔ نثار احمد نامی ایک باشندے نے بتایا کہ پانی کی شدید قلت کی وجہ سے اُنہیں سخت گرمیوں کے ان ایام میں بھی دور مسافت طے کرکے ندی نالوں کا گندہ پانی حاصل کرنے پر مجبور کیا جارہا ہے تاہم محکمہ جل شکتی کے ملازمین ٹس سے مس نہیں ہو رہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ درنگ ٹنگمرگ پاور ہاؤس کی وجہ سے 24 گھنٹے میں 12 گھنٹے پانی کی سپلائی بند کی جاتی ہے جس سے پانی کی قلت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اور بوسیدہ پائپ لائنوں اور نامکمل واٹر سپلائی سکیموں نے بحران کو مزید بڑھا دیا ہے۔لوگوں نے سرکار اور متعلقہ محکمہ کے علیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس مسلے کو فوری طور حل کریں ۔محکمہ جل شکتی کے اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر (اے ای ای) پٹن مدثر احمد نے پانی کی قلت کا اعتراف کیا اور اس کا ذمہ دار پاور ہاؤس کو قرار دیا کہ 24 گھنٹوں میں کم از کم 12 گھنٹے پانی کی فراہمی درنگ ٹنگمرگ میں کٹ رہی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ مسئلہ کو حل کرنے کے لیے اعلیٰ حکام کے ساتھ بات کی گئی ہے۔