یو این آئی
غزہ //غزہ کی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 4 افراد بھوک کی وجہ سے جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، جس کے بعد بھوک سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 201 ہو گئی ہے۔ اقوام متحدہ، کئی یورپی ممالک اور چین سمیت عالمی برادری نے اسرائیل کے غزہ شہر پر فوج کے ’مکمل قبضے‘ کے منصوبے کی شدید مذمت کی ہے اور انتباہ کیا ہے کہ یہ اقدام پہلے سے ہی انتہائی خراب انسانی صورتحال کو مزید بدتر بنا دے گا۔غزہ شہر کے رہائشی فلسطینیوں کا کہنا ہے کہ اپنے گھروں کو نہیں چھوڑیں گے، خواہ اسرائیل ہزاروں باشندوں کو وسطی غزہ کے کیمپوں میں زبردستی منتقل کرنے کی کوشش ہی کیوں نہ کرے، ’ہم اپنی سرزمین پر ہی جئیں گے، یا مرجائیں گے‘۔اسرائیل کی غزہ پر جنگ میں اب تک کم از کم 61 ہزار 330 فلسطینی ہلاک اور ایک لاکھ 52 ہزار 359 زخمی ہو چکے ہیں۔7 اکتوبر 2023 کو ہونے والے حملوں میں اسرائیل میں تقریباً ایک ہزار 139 افراد مارے گئے تھے، اور 200 سے زائد کو یرغمال بنالیا گیا تھا۔اسرائیلی فوج نے شمالی مغربی کنارے کے پناہ گزین کیمپوں پر چھاپہ مار کارروائیاں کی ہیں، وفا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فورسز نے نابلس شہر کے قریب ال عین اور بلاطا پناہ گزین کیمپوں پر چھاپہ مارا ہے۔دونوں کیمپ مقبوضہ مغربی کنارے کے شمال میں واقع ہیں۔آن لائن شیئر کی گئی ویڈیوز (جن کی الجزیرہ نے تصدیق کی ہے) میں کئی فوجی گاڑیاں بلاطا کیمپ میں چھاپہ مارتی ہوئی دکھائی دی ہیں۔