عظمیٰ نیوزڈیسک
جمشید پور+کولکتہ// جھارکھنڈ کے سرائیکیلا-کھرسوان ضلع میں ہفتہ کو جنوب مشرقی ریلوے کے آدرا ڈویڑن میں دو مال گاڑیاں پٹری سے اتر گئیں، جس کی وجہ سے کئی ایکسپریس ٹرینوں کو منسوخ کرنا پڑا۔ایس ای آر کے اہلکار نے بتایا کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب دو مال گاڑیاں جھارکھنڈ کے چندیل اور نمڈیہ اسٹیشنوں کے درمیان مخالف سمت سے گزر رہی تھیں۔ایک اہلکار نے بتایا کہ پٹری سے اترنے میں کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق، دو مال گاڑیوں میں سے ایک کی چند بوگیاں پٹری سے اتر گئیں اور ڈبل لائن سیکشن میں مخالف سمت جانے والی ٹرین کے درمیانی حصے سے ٹکرا گئیں، جس کے نتیجے میں اس کی کچھ ویگنیں پٹری سے اتر گئیں۔ایس ای آر کے اہلکار نے بتایا کہ ہفتہ کی اولین ساعتوں میں پٹری سے اترنے سے آدرا ڈویڑن کے چندیل-گنڈہ بہار سیکشن میں ٹرین کی آمدورفت بری طرح متاثر ہوئی۔ سینئر ڈویڑنل کمرشل منیجر (اڈرا ڈویڑن) وکاش کمار نے بتایا کہ چندیل سے اپ اور ڈاؤن دونوں پٹریوں پر ٹرین خدمات پٹری سے اترنے کی وجہ سے متاثر ہوئی ہیں۔ایس ای آر کے اہلکار نے کہا کہ سیکشن میں ٹرین کی نقل و حرکت کو جلد از جلد بحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کئی دیگر ایکسپریس اور مسافر ٹرینوں کا رخ بھی موڑ دیا گیا ہے یا مختصر مدت کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حادثے کی وجہ سے کچھ ٹرینیں منسوخ کر دی گئیں جن میں 20897/20898 ہاوڑہ-رانچی-ہاوڑہ وندے بھارت ایکسپریس، 20894 پٹنہ-تاٹا نگر وندے بھارت ایکسپریس، 18183 ٹاٹا نگر-بکسر ایکسپریس، 13301/13302 دھنباد-ٹاٹا نگر-دھنباد ایکسپریس، 28181-ٹاٹا نگر ایکسپریس میں شامل ہیں۔