عشرت حسین بٹ
منڈی // گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری اسکول منڈی پونچھ نے رکھشا بندھن کا تہوار ایک منفرد اور پرخلوص انداز میں مناتے ہوئے یہ دن فوج کے بہادر جوانوں کے ساتھ گزارا۔ پرنسپل انور خان کی رہنمائی میں منعقدہ اس تقریب نے حب الوطنی، بھائی چارے اور قومی یکجہتی کی خوبصورت تصویر پیش کی۔تقریب کا آغاز طالبات اور عملے کی جانب سے 125خوبصورت راکھیاں اپنے ہاتھ سے تیار کرنے سے ہوا، جو مقامی یونٹ میں تعینات فوجی جوانوں کی کلائیوں پر محبت اور عقیدت سے باندھی گئیں۔ رکشا بندھن، جو بھائی اور بہن کے رشتے کی علامت ہے، اس موقع پر ایک خاص معنویت اختیار کر گیا کیونکہ یہ ان سپاہیوں کے ساتھ منایا گیا جو مادرِ وطن کی حفاظت کے لئے سرحدوں پر ہمہ وقت چوکس رہتے ہیں۔ راکھی تیار کرنے کے عمل کی نگرانی سینئر لیکچرار نازک حسین شاہ اور برکت حسین نے کی۔پرنسپل انور خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ رکشا بندھن کا مقصد محض دھاگہ باندھنا نہیں بلکہ اعتماد، محبت اور وابستگی کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے فوجی جوانوں کو بھائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں ہماری سلامتی کی ضمانت ہیں اور یہ چھوٹا سا عمل ان کے لئے ہمارے احترام اور تشکر کا اظہار ہے۔تقریب کے دوران خواتین اساتذہ کلونت کور، ریتا کماری، سکریتی دتہ، جسوندر کور اور پشپاوتی بالی نے فوجی جوانوں کو اپنی ہاتھ سے بنی راکھیاں باندھیں اور مٹھائی پیش کی۔ یہ منظر عوام اور مسلح افواج کے درمیان مضبوط تعلق کی علامت بن گیا۔ اسکول انتظامیہ نے ان فوجیوں کو بھی شامل کرنے کا اہتمام کیا جو موقع پر موجود نہ تھے، اور مقامی یونٹ کے ذریعے 125 راکھیاں دیگر سپاہیوں تک پہنچائیں۔موقع پر موجود ایک فوجی صوبیدار نے اسکول انتظامیہ اور طالبات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی تقریبات فوجیوں کو یہ احساس دلاتی ہیں کہ قوم ان کی قربانیوں کو دل سے قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔یہ تقریب نہ صرف رکشا بندھن کا جشن تھی بلکہ عوام اور فوج کے درمیان اعتماد اور بھائی چارے کے رشتے کو مزید مضبوط بنانے کا ایک یادگار موقع بھی ثابت ہوئی۔