سمت بھارگو
راجوری//سرنکوٹ کے ڈنار علاقے میں جمعرات کی صبح ایک تازہ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث راجوری۔تھنہ منڈی سرنکوٹ بین الضلعی سڑک پر ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی۔ یہ سڑک تاریخی مغل روڈ کی طرف جانے والا ایک اہم راستہ بھی ہے۔حادثہ اس وقت پیش آیا جب پہاڑی سے بڑی مقدار میں مٹی اور پتھر اچانک سڑک پر آگرے، جس کے نتیجے میں ٹریفک مکمل طور پر بند ہو گئی اور سینکڑوں گاڑیاں دونوں جانب پھنس گئیں۔مقامی لوگ اور کشمیر کی طرف جانے والے مسافر گھنٹوں سڑک پر پھنسے رہے۔ لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، خاص طور پر بیمار، بزرگ اور بچے متاثر ہوئے۔انتظامیہ نے فوری طور پر ریسکیو کارروائیاں شروع کیں، جے سی بی مشینیں اور عملہ جائے حادثہ پر روانہ کیا گیا۔ حکام کے مطابق ملبہ ہٹانے کا کام فوراً شروع کر دیا گیا تھا اور تقریباً ایک گھنٹے کی کوششوں کے بعد سڑک کو جزوی طور پر ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا۔ادھر مقامی لوگوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اس سڑک پر مستقل بحالی اور لینڈ سلائیڈنگ سے بچاؤ کے لئے پختہ اقدامات کئے جائیں تاکہ بار بار پیش آنے والے ان واقعات سے جان و مال کا تحفظ ممکن ہو سکے۔