سرحدی سیاحت کو بہتر بنانے کے منصوبے زیر غور:عمر عبداللہ
گریز// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعرات کو کہا کہ جموں و کشمیر کو جلد ریاست کا درجہ دیا جانا چاہئے، کیونکہ یہ لوگوں کا حق ہے، جو اس کی بحالی کا انتظار کر رہے ہیں۔گریز میں نیشنل ٹرائبل فیسٹیول سے خطاب کے دوران، عمر عبداللہ نے کہا کہ سپریم کورٹ نے گزشتہ سال آرٹیکل 370 کی سماعت کے دوران ریاست کی بحالی کا ذکر کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ ریاست جموں و کشمیر کا حق ہے اور اسے بغیر کسی تاخیر کے ملنا چاہیے۔وزیر اعلی نے لائن آف کنٹرول کے قریب میلے سے متعلق کہا کہ اس تقریب کو کھلے عام منعقد کرنا اور پورے جوش و خروش کے ساتھ منانا ضروری ہے، جس سے دوسروں کو چیلنجوں کے باوجود خطے کی ثقافتی رونق کا مشاہدہ کرنے کی اجازت دی جائے۔سرحدی سیاحت کے بارے میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جہاں امن بہت ضروری ہے، وہیں کشمیر اور جموں میں سرحدی سیاحت کو بہتر بنانے کے منصوبے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرحدی سیاحت بے روزگاری کو کم کرنے اور مقامی معیشت کو فروغ دینے میں ایک اہم عنصر ہو سکتی ہے، خاص طور پر دور دراز علاقوں میں۔رازدان پاس پر گریز تک ٹنل کی تعمیر کے دیرینہ مطالبے پر، انہوں نے کہا کہ تقریباً 10 کلومیٹر سرنگ قابل عمل ہوگی اور اسے تعمیر کیا جائے گا۔وزیر اعلیٰ نے مکینوں کو یقین دلایا کہ گریز ان کی حکومت کی ترجیحی میں سرفہرست ہے۔انہوں نے مشکل وقت میں بھی امن کے لیے ان کے غیر متزلزل عزم کو تسلیم کرتے ہوئے گریز کے لوگوں کی امن پسند فطرت کی تعریف کی۔انہوں نے کہا “گریز ہمیشہ لچک اور ہم آہنگی کی علامت کے طور پر کھڑا رہا ہے، میری حکومت اس جذبے کو تسلیم کرتی ہے اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے کہ یہ خطہ تمام شعبوں میں ترقی کرے،” ۔بہتر رابطوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے وزیر اعلی نے لوگوں کو یقین دلایا کہ گریز کو ملک کے دیگر حصوں سے منسلک رکھنے کے لیے موبائل نیٹ ورک کوریج فراہم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ “گریز کو بے پناہ قدرتی خوبصورتی سے نوازا گیا ہے، اور یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم اسے آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ رکھیں۔ ۔”وزیر اعلی نے کہاکہ سیاحت کی توسیع سے خاص طور پر گریز کے نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔