عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں و کشمیر کے مفتی اعظم، مفتی ناصر الاسلام نے فتویٰ جاری کیا ہے کہ حرام گوشت کا استعمال یا ممنوعہ اشیاء کی فروخت سے روزی کمانا اسلام میں سختی سے ناجائز اور حرام ہے۔مفتی ناصر الاسلام نے فتویٰ میں کہا کہ اسلامی تعلیمات کے مطابق، جو چیزیں شرعی طور پر ممنوع قرار دی گئی ہیں، ان کا استعمال نہ صرف فرد کی روحانی حالت کو متاثر کرتا ہے بلکہ معاشرے میں اخلاقی بگاڑ کا سبب بھی بنتا ہے۔انہوں نے زور دیتے ہوئے کہاکہ حرام گوشت کھانا یا اس کی تجارت کرنا اسلام میں قطعی طور پر ممنوع ہے، ایسی کمائی جو حرام ذرائع سے حاصل کی جائے، وہ نہ صرف غیر شرعی ہے بلکہ آخرت میں بھی اس کا سخت حساب ہوگا۔مفتی اعظم نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی خوراک اور روزی کے ذرائع کو شرعی اصولوں کے مطابق رکھیں اور ایسے عناصر سے دور رہیں جو اسلامی تعلیمات کے خلاف کام کر رہے ہیں۔