سی این آئی
سرینگر / /مرکزی سرکار کی جانب سے 25کتابوں پر پابندی عائد کرنے کے بعد جموں کشمیر پولیس نے سرینگر سمیت وادی کے شمال جنوب میں کالعدم تنظیموں سے وابستہ ممنوعہ لٹریچر کی گردش کو روکنے کیلئے چھاپہ مار کارورائیاں انجام دی ۔جموں کشمیر پولیس نے کالعدم تنظیموں سے وابستہ ممنوعہ لٹریچر کی گردش کو روکنے وادی بھر کے مختلف علاقوں میں کتب فروشوں پر مربوط اور قانونی طور پر نگرانی کی گئی تلاشی لی۔شہر سرینگر کے ساتھ ساتھ وادی کے شمال وجنوب خاص طو رپر گاندربل ، اننت ناگ ، کولگام ، شوپیان ، اونتی پورہ میں پولیس کی ٹیمیں متحرک نظر آئی جس دوران انہوں نے کتب فروشوں کی تلاشی لی اور کئی مقامات پر پابندی شدہ کتابیں بھی ضبط کر لی گئیں ۔ سرینگر پولیس نے بھی مختلف مقامات پر چھاپے ڈالیں جس دوران انہوں نے تلاشیاں لی ۔ اسی دوران گاندربل میں بھی اس طرح کی کارورائی پولیس نے انجام دی جس دوران پولیس نے کہا کہ قانونی دفعات کی سختی سے تعمیل کو یقینی بنانے کے لیے یہ کارروائی پیشہ ورانہ اور منظم طریقے سے کی گئی۔تلاشی کے دوران بک شاپ کے تمام مالکان کو ممنوعہ مواد ذخیرہ کرنے یا تقسیم کرنے کے خلاف سخت تنبیہ کی گئی۔ انہیں ان ہدایات کی خلاف ورزی کے قانونی نتائج کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا اور ہدایات پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔ادھر پولیس بیان میں کہا گیا ہے کہ شہریوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ ایسے ممنوعہ مواد سے دور رہیں اور ممنوعہ لٹریچر کی گردش سمیت کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع قریبی پولیس اسٹیشن کو دیں۔