یواین آئی
نئی دہلی// کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے الزام لگایا ہے کہ الیکشن کمیشن ووٹوں کی چوری کروا رہا ہے اور اس سلسلے میں کرناٹک کی مہادیو پورہ اسمبلی سیٹ کے ووٹروں کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہاں ایک لاکھ سے زیادہ غلط ووٹ بنوائے گئے تھے۔ گاندھی نے جمعرات کو یہاں پارٹی کے نئے ہیڈکوارٹر اندرا بھون میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ان کے پاس غلط ووٹ بنائے جانے کے ثبوت موجود ہیں اور انہوں نے اس سلسلے میں وہاں پریزنٹیشن بھی دی۔ ان کا کہناتھا کہ یہ تمام شواہد تقابلی انداز میں اور کافی تحقیق کے بعد جمع کیے گئے ہیں۔ اس سیٹ پر الیکشن کمیشن کی جانب سے تیار کردہ ووٹر لسٹ میں ہر شخص کے نام پر چارچار ووٹر کارڈ بنے ہیں اور اس طرح اس سیٹ پر ایک لاکھ 250 ووٹ چوری ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں ووٹ چوری کی بات کر رہا ہوں لیکن وہ (الیکشن کمیشن) مجھ پر حملہ نہیں کرتا۔ وہ مجھ پر حملہ کرنے سے بہت ڈرتے ہیں۔ انہوں نے میرے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ میں سچ بول رہا ہوں۔ وہ یہ بھی جانتے ہیں کہ ان کایہ سچ ‘بلٹ پروف’ ہے۔ گاندھی نے الزام لگایا کہ ملک کے نوجوانوں کے ووٹ چرائے جا رہے ہیں۔ سب جانتے ہیں کہ ووٹ کون چرا رہا ہے۔ پہلے ان کے پاس اس چوری کے ثبوت نہیں تھے لیکن اب ان کے پاس سو فیصد ثبوت ہیں، تمام ڈیٹا ہے۔ یہ ووٹ چوری کئی حلقوں میں کی گئی ہے۔ اس لیے اب الیکشن کمیشن کو بہانہ نہیں بنانا چاہیے اور انہیں سی سی ٹی وی فوٹیج اور الیکٹرانک ووٹر لسٹ دے دینی چاہیے۔ یہ ان کے ساتھ پوری اپوزیشن کا مطالبہ ہے۔