جاوید اقبال
مینڈھر //بس اسٹینڈ مینڈھر پر بدھ کی صبح اْس وقت سنسنی پھیل گئی جب ایک ریڈی میڈ کپڑوں کی دکان میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے لمحوں میں پوری دکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ دیکھتے ہی دیکھتے لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر راکھ ہو گیا۔متاثرہ دکاندار کی شناخت محمد شرافت ولد وارث خان سکنہ اچھاد کے طور پر کی گئی ہے، جن کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ بجلی کا شارٹ سرکٹ ہو سکتی ہے۔ آگ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ فائر سروسز کے جوانوں کی کوششوں کے باوجود دوکان کو بچایا نہ جا سکا۔آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او مینڈھر پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور آگ بجھانے کی کارروائی شروع کی، تاہم جب تک آگ پر قابو پایا جاتا، تب تک دوکان مکمل طور پر خاکستر ہو چکی تھی۔پولیس نے واقعہ کی تفتیش شروع کر دی ہے تاکہ آگ لگنے کی اصل وجہ کا پتہ لگایا جا سکے۔واقعے پر بیوپار منڈل کے صدر بلرام شرما نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کی ہے کہ متاثرہ دکاندار جو کہ غریب طبقے سے تعلق رکھتا ہے، کو فوری طور پر مالی امداد فراہم کی جائے تاکہ وہ دوبارہ اپنی روزی روٹی کا سلسلہ شروع کر سکے۔