عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//گورنمنٹ ڈگری کالج راجوری میں 79ویں یومِ آزادی کی تقریبات کے تحت ایک بین الکلیاتی سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف سمسٹرز کے طلباء و طالبات نے بھارت کی آزادی اور قومی ترقی کے موضوع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔پروگرام کا آغاز ڈاکٹر ذاکر کلیس (کنوینر، کلچرل اینڈ لٹریری کمیٹی) کے استقبالیہ خطاب سے ہوا، جب کہ سیمینار کی نظامت پروفیسر خلیق احمد نے کی اور پوری تقریب کو پرجوش انداز میں چلایا۔پرنسپل پروفیسر ضمیر احمد مرزا نے اپنے خطاب میں آزادی کے متوالوں کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے جمہوری اقدار کے تحفظ پر زور دیا۔ انہوں نے نوجوان نسل کو قومی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کی تلقین کی۔طلباء نے بڑی دلچسپی اور جوش سے اپنے خیالات پیش کئے۔ جیوری میں پروفیسر ایاز چوہدری، ڈاکٹر احسن رضوی اور پروفیسر انتیما گپتا شامل تھے، جنہوں نے پیشکشوں کا جائزہ لیا۔سیمسٹر III کی طالبہ ونشیکا نے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ دوسری اور تیسری پوزیشن سیمسٹر V کی حسیبہ اور انزار کے حصے میں آئیں۔اختتام پر پروفیسر ثابیہ نے شکریہ کا کلمہ ادا کیا۔ تقریب میں پروفیسر شوکت حسین، ڈاکٹر محمد لطیف میر، ڈاکٹر فلورینس چاند، پروفیسر رام کشور بھارتی، پروفیسر انیس چوہدری اور ڈاکٹر شازیہ کوثر نے شرکت کی۔