ٹی ای این
سرینگر// کشمیر ویلی فروٹ گروورزو ڈیلرز یونین نے انسپکٹر جنرل پولیس (ٹریفک) سے سرینگر جموں قومی شاہراہ کے ساتھ پھلوں اور سبزیوں سے لدے ٹرکوں کی بلا تعطل 24×7 نقل و حرکت کیلئے پُر زور اپیل بھی کی۔یونین کے چیئرمین اور نیو کشمیر فروٹ ایسوسی ایشن کے صدر بشیر احمد بشیر نے کہا کہ وادی میں بیر، سیب اور ناشپاتی اتارنے کا موسم اس وقت زوروں پر ہے اسلئے خراب ہونے والے پھلوں کی کھیپ کو ملک بھر میں مختلف مقامات تک چوبیس گھنٹے پہنچانے میں سہولت فراہم کریں۔یہ پھل خراب ہوتے ہیں اور ان کیلئے تیز رفتار، بلاتعطل نقل و حمل کی ضرورت ہوتی ہے۔ اسی طرح دوسری ریاستوں سے تازہ سبزیوں اور پھلوں کی آنے والی کھیپ کو بھی وادی کے اندر منڈیوں تک آسانی سے منتقل کرنے کی ضرورت ہے۔اس سلسلے میں آئی جی پی کے نام مکتوب میں کہا گیا ہے کہ گرمی کی لہر کے موجودہ حالات کی وجہ سے اضافی فوری ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔پھلوں کے کاشتکاروں کی تنظیم نے درخواست کی ہے کہ تازہ پیداوار سے لدے ٹرکوں کوقومی شاہراہ پر بغیر کسی رکاوٹ کے دن رات چلنے کی اجازت دی جائے تاکہ خرابی کو روکا جا سکے اور یونین ٹیریٹری سے باہر کی منڈیوں میں بروقت ترسیل کو یقینی بنایا جا سکے۔