عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/فوج کی وائٹ نائٹ کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی)، لیفٹیننٹ جنرل پی کے مشرا نے جی او سی ’ایس آف اسپيڈز ڈویژن‘ کے ہمراہ پونچھ بریگیڈ کی اگلی چوکیوں کا دورہ کرتے ہوئے موجودہ سکیورٹی صورتحال، خطرات کی نوعیت اور ہندوستانی افواج کی آپریشنل تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دفاعی ترجمان کے مطابق، کور کمانڈر کو اگلے محاذ پر تعینات افسران کی جانب سے موجودہ حفاظتی اقدامات، سرحد پار دراندازی کے خطرات اور آپریشنل چوکسی سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ لیفٹیننٹ جنرل مشرا نے اس موقع پر زور دیا کہ دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے مربوط اور جارحانہ حکمت عملی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپریشنل برتری اور خطرے کے مشترکہ ردعمل کو مضبوط بنا کر ہی ہم ہر چیلنج کا مؤثر مقابلہ کر سکتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بدلتے ہوئے سکیورٹی ماحول میں مستعدی، تربیت اور پیشہ ورانہ تیاری وقت کی اہم ضرورت ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل مشرا نے اگلی چوکیوں پر تعینات فوجی جوانوں سے ملاقات بھی کی، ان کے بلند حوصلے اور مسلسل چوکسی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ’آپ کی قربانی، تیاری اور فرض شناسی ہی ملک کی پہلی دفاعی دیوار ہے۔‘
لیفٹیننٹ جنرل پی کے مشرا کا پونچھ دورہ، اگلی چوکیوں پرآپریشنل تیاریوں کا لیا جائزہ
