سرینگر/بلال فرقانی/حکومت نے گھریلو بجلی صارفین کیلئے بڑی راحت کا اعلان کرتے ہوئے ’’ایمنسٹی سکیم 2022‘‘ میں توسیع کر دی ہے۔ اس سلسلے میں پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے باضابطہ آرڈر جاری کیا گیا ہے۔ اب گھریلو صارفین اپنی واجب الادا بجلی کی بقایا رقم 31 مارچ 2026 تک جمع کرا سکتے ہیں، بشرطیکہ وہ پہلے سے مقررہ شرائط و ضوابط پر عمل کریں۔یہ فیصلہ وزراء کی کونسل کے اجلاس میں 29 جولائی 2025 کو لیے گئے فیصلے کے تحت کیا گیا ہے، جس کا حوالہ مذکورہ حکم نامہ میں موجود ہے۔ حکومت نے سکیم میں پہلے بھی دو مرتبہ توسیع کی ہے،پہلی 12 ستمبر 2022 کو اور دوسری بار 15 مارچ 2024 کو توسیع کی گئی ہے۔ تازہ توسیع کے تحت 31 مارچ 2025 تک کے واجب الادا بلوں پر سود اور سرچارج مکمل معاف کیا گیا ہے،جو صارفین کو ریلیف مہیا کرے گا۔ تاہم، نئی ہدایات میں یہ بات واضح کہی گئی ہے کہ اس کے بعد سکیم میں مزید کوئی توسیع نہیں کی جائے گی۔ یہ ایمنسٹی سکیم سے فائدہ اٹھانے کا آخری موقعہ ہے اور صارفین کو واجب الادا بل کی ادائیگی کا مشورہ دیا گیا ہے، تاکہ مستقبل میں بجلی منقطع یا قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔حکم نامے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جموں و کشمیر میں تقریباً 5 لاکھ 72ہزار گھریلو صارفین اس سکیم کے تحت آتے ہیں۔ جولائی 2025 تک 2 لاکھ89 ہزارسے زائد صارفین نے سکیم سے فائدہ اٹھایا ، جس سے سرکار کو 487 کروڑ روپے کی واجب الادا رقم کی وصولی ممکن ہوئی ۔ تاہم، اب بھی 2لاکھ 83ہزار صارفین کے ہاںلگ بھگ 800 کروڑ روپے کی رقم باقی ہے۔