عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//جامعہ ضیاء الاسلام منجاکوٹ میں ایک روح پرور اور پْر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پانچ طلباء کے حفظِ قرآن مکمل کرنے پر ان کے اعزاز میں دعائیہ اجتماع منعقد ہوا۔ اس موقع پر علاقے کے معززین، والدین، علماء کرام، اساتذہ اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس پروقار تقریب کا مقصد اْن طلباء کی حوصلہ افزائی کرنا تھا جنہوں نے قرآنِ کریم کو مکمل حفظ کر کے حافظِ قرآن کا شرف حاصل کیا۔ تقریب کے دوران خوشی، روحانی مسرت اور عقیدت کا خوبصورت منظر دیکھنے کو ملا۔اعزاز پانے والے حفاظ کرام میں حافظ حنین شہزاد سکنہ ڈبروٹ منجاکوٹ، حافظ وقار احمد سکنہ تھنہ منڈی، حافظ محمد شارق راجوری، حافظ صدام حسین راج دھانی اور حافظ واسط خان (منگلنار) شامل ہیں، جنہوں نے انتھک محنت اور لگن کے ساتھ قرآن مجید حفظ کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جامعہ کے اساتذہ اور معروف دینی شخصیت حافظ محمد الیاس خان نے حفظِ قرآن کی عظمت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید کا حفظ کرنا نہ صرف ایک روحانی عمل ہے بلکہ دنیا و آخرت کی کامیابی کا ذریعہ بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بچے نہ صرف اپنے والدین کے لئے باعثِ فخر ہیں بلکہ پوری قوم کا سرمایہ ہیں۔علمائے کرام نے والدین، اساتذہ اور جامعہ کے انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان سب کی مسلسل رہنمائی اور دعائوں کا نتیجہ ہے کہ یہ بچے حافظِ قرآن بننے میں کامیاب ہوئے۔تقریب کے اختتام پر دعاے خیر کی گئی، جس میں امت مسلمہ، ملک اور ان حفاظ کرام کے روشن مستقبل کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ اس کے بعد حفاظ کو اسناد اور تحائف پیش کئے گئے، جبکہ والدین اور رشتہ داروں کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو دیکھے گئے۔علماء نے اس موقع پر نوجوان نسل کو ترغیب دی کہ وہ دینی تعلیم کی جانب راغب ہوں اور حفظ قرآن کے عظیم سفر کا آغاز کریں۔ انہوں نے معاشرے کے تمام طبقوں سے اپیل کی کہ ایسے دینی اداروں کا ساتھ دیں جو دین اسلام کی خدمت میں پیش پیش ہیں۔