عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر ہینڈی کیپڈ ایسوسی ایشن نے پیر کو پریس کالونی سری نگر میں احتجاج کرتے ہوئے حکومت سے معذور افراد کو درپیش دیرینہ مسائل کے حل کا مطالبہ کیا۔ایسوسی ایشن کے صدر عبدالرشید بٹ بتایا کہ ان کے مطالبات میں معذور افراد کے لیے خصوصی بھرتی مہمات، ماہانہ معذوری پنشن کو 1250 روپے سے بڑھا کر 3000 روپے کرنا، اور سرکاری و نیم سرکاری ملازمتوں میں 4 فیصد ریزرویشن پالیسی کا مؤثر نفاذ شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن عمودی ریزرویشن، سرکاری دفاتر و بینکوں میں علیحدہ کاؤنٹرز، اور ٹرانسپورٹ سہولیات میں بہتری کا بھی مطالبہ کر رہی ہے۔انھوں نے کہا اگرچہ معذوری سے متعلق کئی قوانین اور احکامات موجود ہیں، لیکن زمینی سطح پر ہمارے بیشتر حقوق سلب کئے جا رہے ہیں ۔
مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ معذور افراد کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے ایس سی/ایس ٹی یا پہاڑی مشاورتی بورڈز کی طرز پر مشاورتی بورڈز قائم کیے جائیں، اور ضلعی سطح کی میٹنگز میں معذور افراد کی نمائندگی کو یقینی بنایا جائے۔
جموں و کشمیر ہینڈی کیپڈایسوسی ایشن کا سری نگر میں احتجاج، مسائل کے حل کا مطالبہ
