عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر// اپنی پارٹی کے سربراہ سید محمد الطاف بخاری نے مرکزی سرکار پر زور دیا ہے کہ وہ نئی دہلی اور جموں و کشمیر کے درمیان دل کی دوریاں ختم کرنے کیلئے اعتماد سازی کے اقدامات کریں۔انہوں نے میرواعظ عمر فاروق کے حالیہ بیان کا بھی خیر مقدم کیا، جس میں انہوں نے حکومت ہند سے نئی دلی اور جموں کشمیر کے درمیان دل کی دوریاں پاٹنے کی اپیل کی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ میر واعظ نے یہ اپیل گزشتہ روز تاریخی جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کی ۔میرواعظ کے بیان کو سراہتے ہوئے، سید محمد الطاف بخاری نے مرکز پر زور دیا کہ وہ اس اپیل کا مثبت جواب دے۔ انہوں نے اپنے ایکس ہینڈل پر لکھا،’’ نئی دہلی اور جموں و کشمیر کے درمیان دل کی دوریاں مٹانے کی میر واعظ کی اپیل اہم ہے۔ یہ ان کی جانب سے اس حقیقت کا احساس اور اعتراف کی نشاندہی کرتا ہے کہ جموں کشمیر کے مسائل کا حل صرف اور صرف حکومت ہند کے پاس ہے‘‘۔انہوں نے مزید کہا، مرکز کو دل کی دوریاں ختم کرنے کے لیے اعتماد سازی کے اقدامات کرنے چاہیے۔ یہ دوریاں ختم کرنے کا وعدہ وزیر اعظم نریندر مودی نے خود بھی کیا ہے۔