۔15لاکھ قومی جھنڈوں کی تقسیم
چیف سیکریٹری کاوسیع عوامی شرکت یقینی بنانے پرزور
سرینگر//2اگست سے15اگست تک منعقد ہونے والی ’ہرگھرترنگا‘مہم کے دوران جموں کشمیرمیں 15لاکھ سے زائدقومی جھنڈے تقسیم کئے جائیں گے جبکہ 13سے15اگست تک پرچم کشائی کی تقریبات ہوں گی اور اہم سرکاری عمارتوں ، اِداروں اور عوامی مقامات پرچراغاں کیا جائے گا۔اس کے علاوہ بائیک ریلیاں، ترنگایاترا اورنوجوانوں کی پریڈزبھی ہوں گی ۔ان باتوں کی جانکاری جمعہ کوچیف سیکریٹری کو ہرگھرترنگامہم کاجائزہ لینے کیلئے منعقدہ میٹنگ کے دوران پرنسپل سیکریٹری ثقافت برج موہن نے دی۔چیف سیکرٹری اَتل ڈولو کی صدارت میں منعقدہ میٹنگ میں 2 سے 15اگست 2025 ء تک منعقد ہونے والی ’ہر گھر ترنگا‘مہم کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ چیف سیکرٹری نے اِس مہم کو ایک عوامی تحریک بنانے کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے کہا کہ اِس مہم میں تمام شہری و دیہی علاقوں میں لوگوں کی وسیع پیمانے پر شرکت کو یقینی بنائیں۔ اُنہوں نے قومی فخر، اتحاد اور حب الوطنی کے پیغام کو تقویت دینے کے لئے سکولی بچوں، نوجوانوں اور زِندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں کو شامل کرنے پر زور دیا۔دورانِ میٹنگ پرنسپل سیکرٹری کلچر برج موہن شرما نے بتایا کہ ’ہر گھر ترنگا۔ 2025‘ مہم 2اور 15 اگست کے درمیان تین الگ الگ مراحل میں چلائی جائے گی جس سے پورے جموںوکشمیر یوٹی میں وسیع بنیاد پر عوامی شرکت کو یقینی بنایا جائے گا۔پہلا مرحلہ 2 سے 8 اگست تک بیداری مہم پر مبنی ہوگا۔اِس مرحلے میںتعلیمی اداروں اور عوامی مقامات کو ترنگا کی تھیم والی دیوار پینٹنگز ، رنگولی آرٹ اور موریلز سے سجائے جائیں گے۔ وزارتِ ثقافت کی جانب سے تیار کردہ نمائشیں سکولوں اور سرکاری دفاتر میں منعقد ہوں گی۔دوسرا مرحلہ 9 سے 12اگست تک عوامی شرکت اور جشن پر مرکوز ہوگا۔تہوار اور میلے (ترنگا مہااُتسو) منعقد کئے جائیں گے جن میں مقامی فنون، دستکاریاں اور سیلف ہیلپ گروپوں کی تیار کردہ مصنوعات کو پیش کیا جائے گا۔اِس مرحلے میںبائیک و سائیکل ریلیاں، نوجوانوں کی پریڈز اور کمیونٹی ترنگا یاترا بھی منعقد ہوں گی۔بازاروں اور عوامی مقامات کو ترنگے کے رنگوں سے سجایا جائے گا اور قومی پرچموں کی تقسیم کی جائے گی جسے سیلف ہیلپ گروپوں کے ذریعے انجام دیا جائے گا۔تیسرا مرحلہ 13 سے 15اگست تک پرچم کشائی کی تقریبات اور اہم سرکاری عمارتوں ، اِداروں اور عوامی مقامات پرچراغاں کیا جائے گا۔ سرینگر اور جموں میں پرچم کشائی کی اہم تقریبات منعقد ہوں گی۔ شہریوں کو مشہور ’سیلفی وِد ترنگا‘ مہم میں حصہ لینے کے لئے بھی ترغیب دی جائے گی جس میں شہری قومی پرچم کے ساتھ اَپنی تصاویر مخصوص آن لائن پورٹل پر اَپ لوڈ کریں گے۔ اِس کے علاوہ ایک ڈیجیٹل پورٹل کے ذریعے تقریبات کی نگرانی اور رِپورٹنگ کی جائے گی۔اِس برس مہم میں فن، موسیقی، روایتی دستکاری اور ثقافتی اظہار کے ذریعے عوامی شرکت کو فروغ دیا جائے گا جو ’’ایک بھارت، شریشٹھ بھارت‘‘کے جذبے کو مضبوط بنائے گا۔یہ مہم قومی یکجہتی، حب الوطنی، اور عوامی شرکت کی ایک زندہ مثال بننے جا رہی ہے جس میں تمام طبقوں کی شمولیت سے ایک پُرامن، بامقصد اور باوقار جشن متوقع ہے۔