وادی کیلئے مٹن سپلائی میںحائل رکاوٹیں دور
بلال فرقانی
سرینگر//کشمیر کیلئے بیرونی منڈیوں سے بھیڑ بکریوں کی سپلائی پر کے سلسلے میں کشمیری ہول سیل مٹن ڈیلروں نے اعلان کیا ہے کہ ہفتہ سے بیرون منڈیوں سے سپلائی بحال کی جائے گی۔پنجاب حکومت کی جانب سے ایک اہم حکم نامے کے اجراء کے بعد یہ اعلان کیاگیا۔ حکومت پنجاب نے ریاستی سرحدی اضلاع میں نودل افسران کی تعیناتی کا حکم دیا ہے تاکہ مویشی میلوں کے دوران شکایات کا ازالہ کیا جا سکے اور تاجروں کو ہراسانی سے بچایا جا سکے۔یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب کشمیر ہول سیل مٹن ڈیلرس ایسوسی ایشن نے الزام عائد کیا کہ پنجاب میں مویشی میلے کے ٹھیکیداروں کی جانب سے کشمیر جانے والے لائیو اسٹاک ٹرکوں کو بلا جواز روکا جا رہا ہے۔ جموں و کشمیر حکومت نے اس سلسلے میںایک تین رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی، جس نے پنجاب کے اعلیٰ حکام کے ساتھ بات چیت کے بعد اس معاملے کو حل کرنے کی کوشش کی۔ ماضی کے تنازعات کو دیکھتے ہوئے پنجاب حکومت نے ہدایت دی ہے کہ جو اضلاع دیگر ریاستوں سے متصل ہیں، وہاں کم از کم 2 نودل افسران تعینات کیے جائیں۔ یہ افسران دیگر ریاستوں سے آنے والے مویشیوں کی خرید و فروخت سے متعلق دستاویزات کی جانچ کریں گے۔ہول سیل مٹن ڈیلرس ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری معراج الدین گنائی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے یہ آرڈر جاری کرنے کے بعد معاملات حل ہوگئے۔