سالانہ امرناتھ یاترا3اگست تک معطل
سرینگر //یاتریوں کی جان و مال کی حفاظت کیلئے بارشوں کے بعد راستے کی فوری مرمت کے پیش نظر سالانہ امرناتھ یاترا 3اگست تک معطل رہے گی ۔ حکام نے بتایا کہ جمعہ کی صبح، جبکہ یاترا پہلگام کے راستے سے معطل رہی اور یاتریوں کے کسی نئے جتھے کو گھپا تک جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ یاترا کو بال تل کے راستے سے جانے کی اجازت دی گئی تاہم بھاری بارش کی وجہ سے یاترا کو بعد میں بال تل روٹ سے بھی روک دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے یاتریوں کی روانگی مسلسل دوسرے دن بھی معطل رہی۔صوبائی کمشنر کشمیر وجے کمار بدھوری نے کہا کہ حالیہ شدید بارشوں کی وجہ سے امرناتھ یاترا روٹ کے بال تل ایکسس پر مرمت اور دیکھ بھال کے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ یاتریوں کی حفاظت کے مفاد میں بال تل روٹ سے بھی 3 اگست کو کسی یاترا کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ وقت آنے پر مزید اپ ڈیٹس جاری کی جائیں گی۔بدھوری نے کہا کہ پہلگام اور بال تل دونوں راستوں پر یاترا کے علاقے میں حالیہ شدید بارشیں ہوئی ہیں، اور اس لیے اس بھاری بارش کے بعد بال تل پر فوری نوعیت کے دیکھ بھال کے کام انجام دینے کی ضرورت ہے۔صوبائی کمشنر نے مزید کہا کہ یاترا کے پہلگام روٹ پر ضروری مرمت اور دیکھ بھال کے کام پہلے ہی کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس سال اب تک 4.05 لاکھ سے زیادہ یاتریوں نے مقدس گھپا پر حاضری دی ہے ۔