یواین آئی
نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی نے اس بار یوم آزادی پر لال قلعہ کی فصیل سے قوم سے اپنے خطاب کے موضوعات کے بارے میں عوام سے تجاویز طلب کی ہیں۔ مودی نے کہا ہے کہ وہ اس سلسلے میں ہندوستان کے لوگوں کی رائے جاننے کیلئے بے تاب ہیں ۔وزیر اعظم نے جمعہ کو سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں لکھاکہ جیسے جیسے اس سال ہمارا یوم آزادی قریب آرہا ہے، میں اپنے ساتھی ہندوستانیوں (ان کے خیالات) سے سننے کے لیے بے تاب ہوں۔انہوں نے اپنے یوم آزادی کے خطاب کے عنوانات کے بارے میں عوام سے تجاویز طلب کی ہیں اور پوچھا ہے کہ آپ اس سال یوم آزادی کی تقریر میں کن موضوعات کی جھلک دیکھنا چاہیں گے؟ملک نے آزادی کی 78ویں سالگرہ کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ یوم آزادی پر مرکزی تقریب دارالحکومت کے لال قلعہ میں منعقد ہوتی ہے جہاں وزیر اعظم فوجوں کی سلامی لینے کے بعد لال قلعہ کی فصیل سے ترنگا لہراتے ہیں اور قوم سے خطاب کرتے ہیں۔ شام کویوم آزادی ملن کی تقریب کا اہتمام صدر جمہوریہ راشٹرپتی بھون میں کرتے ہیں۔