۔29اگست کو شارجہ میں پہلا میچ کھیلا جائے گا
یو این آئی
کراچی /پاکستان اس ماہ کے آخر میں 29 اگست سے شارجہ میں شروع ہونے والی ٹی20 انٹرنیشنل سہ فریقی سیریز میں افغانستان اور متحدہ عرب امارات کا مقابلہ کرے گا۔یہ ٹورنامنٹ ستمبر میں ایشیا کپ سے پہلے ہوگا، کیونکہ برصغیر کی ٹیمیں اگلے سال ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ کی تیاری کر رہی ہیں۔افتتاحی میچ میں پاکستان کا مقابلہ گزشتہ سال کے ٹی20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنلسٹ افغانستان سے ہوگا۔ تینوں ٹیمیں دو دو بار آمنے سامنے ہوں گی، اور سرفہرست دو ٹیمیں 7 ستمبر کو فائنل میں پہنچیں گی۔دونوں ٹیمیں شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹی20 انٹرنیشنل میچوں میں پانچ بار ایک دوسرے کے خلاف کھیل چکی ہیں، جن میں پاکستان نے افغانستان کو تین بار ہرایا، جبکہ افغانستان دو بار فاتح رہا۔پاکستان اس وقت ویسٹ انڈیز کے خلاف تین میچوں کی ٹی20 انٹرنیشنل سیریز کھیل رہا ہے ۔ اسے پچھلی سیریز میں بنگلہ دیش سے 2-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔دریں اثنا، افغانستان نے آخری بار دسمبر میں ٹی20 انٹرنیشنل میں حصہ لیا تھا، جب اس نے زمبابوے کو تین میچوں کی سیریز میں 2-1 سے ہرایا تھا۔آئی سی سی کی ایک رپورٹ کے مطابق، متحدہ عرب امارات بھی مئی میں بنگلہ دیش کے خلاف یادگار ٹی20 انٹرنیشنل سیریز جیتنے کے بعد اس ٹورنامنٹ میں شامل ہو رہا ہے ۔
مکمل شیڈول
29اگست؍افغانستان بمقابلہ پاکستان
30اگست ؍ یو اے ای بمقابلہ پاکستان
1ستمبر ؍یو اے ای بمقابلہ افغانستان
2ستمبر ؍ پاکستان بمقابلہ افغانستان
4ستمبر ؍ پاکستان بمقابلہ یو اے ای
5ستمبر ؍ افغانستان بمقابلہ یو اے ای
7ستمبر ؍ فائنل
یہ سیریز تینوں ٹیموں کے لیے ایشیا کپ سے قبل ایک اہم وارم اپ موقع فراہم کرے گی بلکہ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے خود کو منوانے کا بہترین موقع ثابت ہو سکتاہے ۔خاص طور پر پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہونے والے میچز ہمیشہ سے ہائی وولٹیج اور دلچسپ ثابت ہوئے ہیں جبکہ یو اے ای کی ٹیم بھی اپنی سرزمین پر اپ سیٹ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔