محمد تسکین
بانہال//محکمہ تعلیم کے ڈسٹرکٹ انسٹی چیوٹ آف ایجوکیشن اینڈ ٹرینگ یا DIET مرکز کُد ( ادہم پور ) میں زیر تربیت تحصیل رام نگر کے دو ٹیچر اسوقت لقمہ اجل بنے جب ضلع رام بن کے سناسر علاقے میں موٹر پر سائیکل پر سوار یہ دونوں ٹیچر بارشوں کی وجہ سے ایک نالے میں آئے سیلابی ریلے کی زد میں آگئے اور کئی سو میٹر دور نالے کے ساتھ بہہ جانے کے باعث دونوں المناک موت کا شکار ہوگئے ۔ یہ حادثہ سناسر اور نتھا ٹاپ کے درمیان جلیبی موڑ کے قریب پیش آیا ہے ۔ضلع رام بن کی حدود میں پڑنے والے نتھا ٹاپ کے قریب بظاہر منگل کی شام دیر گئے پیش آیا یہ دلدوز حادثہ بُدھ کی صبح اُسوقت منظر عام پر آیا جب پتنی ٹاپ پولیس پوسٹ کو کسی کام سے جارہے ایک مقامی شخص نے اطلاع دی کہ پتنی ٹاپ کے اوپر نتھا ٹاپ ۔ سناسر رابطہ سڑک پر واقع جلیبی موڑ کے قریب ایک نیلے رنگ کا موٹر سائیل نمبر JK-14D/9667نیچے نالے میں پڑا ہوا ملا ہے اور خدشہ ہے کہ اس کے سوار نالے میں آئی طغیانی کی وجہ سے بہہ گئے ہوں ۔یہ خبر ملتے ہی ایس ایچ او بٹوٹ انل کوتوال ، ڈی ایس پی ہیڈکواٹرس رام بن اوم پرکاش ،ایس ڈی آر ایف اور پولیس کی ٹیمیں جائے واقع کی طرف روانہ کی گئیں اور نالے میں بچاو کاروائیوں کا آغاز کیا گیا ۔ پولیس نے بتایا کہ بچائو اور تلاش کاروائیوں کے دوران رابطہ سڑک سے ڈیڑھ سو اور تین سو میٹر کی دوری پرنالے کے ساتھ بہہ آئے دونوں افراد کی لاشیں کھوج نکالی گئیںاور ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ مہلوک افراد ضلع ادہم پور کے رام نگر علاقے سے تعلق رکھنے والے دو ٹیچر تھے اور ڈائٹ کدھ میں تین روز ٹرینگ کے سلسلے میں آئے ہوئے تھے کہ نتھاٹاپ کے نزدیک اس افسوسناک حادثے کا شکار ہوگئے ۔پولیس نے مہلوک ٹیچروں کی شناخت 37سالہ جگدیو سنگھ ولد کرتار سنگھ اور 39سالہ سنجے کمار ولد بودھ راج کے طور کی ہے اور یہ دونوں ٹیچر زون گورڈی تحصیل رام نگر کے رہنے والے تھے ۔ بتایا جاتاہےکہ کُد میں ٹرینگ کا پہلا دن گزارنے کے بعد یہ دونوں ٹیچر کل شام سناسر میں دیکھنے گئے تھے اور اسوقت علاقے میں بہت تیز بارشیں ہو رہی تھیں ۔ سابقہ ڈی ڈی سی چیئرپرسن بلاک گورڈی آرتی شرمانےکشمیر عظمی کو بتایا کہ یہ دونوں ٹیچر ان کے علاقے کے سرمایہ تھے اور پورا علاقہ اپنی ڈیوٹی کو جارہے دو ہم عمر اور قابل ٹیچروں کی دلدوز حادثے میں ہوئی موت کے غم میں ڈوبا ہوا ہے ۔ انہوں نے محکمہ تعلیم کے اعلی حکام اور سرکار سے مطالبہ کیاکہ دونوں کنبوں کے خام عیال کو سہارا دینے کیلئے فوری طور پر تمام سرکاری مراعات اور معاوضہ کو واگزار کیا جائے اور مہلوک ٹیچروں کے کنبوں سے ایک ایک فرد کو سرکاری نوکری فراہم کی جائے ۔بٹوت پولیس نے ضروری کاغذی لوازمات کے بعد مہلوک ٹیچروں کو رام نگر سے یہاں پہنچے رشتہ داروں کے سپرد کیا اور معاملے کی مزید تحقیقات شروع کی گئی ۔