عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// گورنمنٹ کالج آف ایجوکیشن نے کلسٹر یونیورسٹی جموں کے ڈین اسٹوڈنٹ ویلفیئر کے اشتراک سے ’وِکست بھارت یْوا کنیکٹ‘ پروگرام کے تحت ایک بصیرت افروز لیکچر سیریز کا اہتمام کیا، جس میں طلباء کی تعلیمی، فکری اور تخلیقی صلاحیتوں کو جِلا بخشنے کے لئے نہایت معلوماتی سیشنز کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کا آغاز ڈاکٹر امبیکا کماری کے پْرخلوص استقبالیہ کلمات سے ہوا، جس کے بعد کالج کی پرنسپل ڈاکٹر جیوتی پریہار نے افتتاحی خطاب پیش کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے موجودہ دور میں مہارتوں اور تخلیقی افکار کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ طلباء کو اپنی صلاحیتوں کو نکھار کر نہ صرف ذاتی ترقی بلکہ سماجی فلاح کیلئے بھی کردار ادا کرنا چاہیے۔پہلا سیشن پروفیسر سونندا رانی (کنوینر آئی آئی سی )نے پیش کیا جس کا موضوع تھا ’حکومتی اقدامات اور نوجوانوں کے لئے مواقع کی آگاہی‘۔ انہوں نے پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعے انکیوبیشن، اختراع (Innovation) اور انٹرپرینیورشپ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے ’مارگ‘، ’اتل انوویشن مشن‘، ’مشن یووا‘ سمیت کئی سرکاری اسکیموں سے طلبہ کو متعارف کروایا۔ دوسرا سیشن شیوانی شرما (اسسٹنٹ فیکلٹی، جے کے ای ڈی آئی) نے پیش کیا۔ انہوں نے اسٹارٹ اپ انڈیا کے تحت نوجوانوں کے لئے دستیاب مالی اسکیموں کی وضاحت کی اور جے کے ای ڈی آئی کی کارکردگی، معاونت و رہنمائی کے نظام پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی، جو کہ نئے کاروباری افراد کے لئے نہایت فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے۔ دونوں سیشنز نہایت معلوماتی، جاذبِ توجہ اور حوصلہ افزا رہے۔ اختتام پر پروفیسر دیپالی دیوی نے پرنسپل، مہمان مقررین، فیکلٹی اور طلباء کا پْرتشکر انداز میں شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر کالج کے سینئر اساتذہ ڈاکٹر راجندر کور، پروفیسر رمضان علی اور پروفیسر انوراڈھا چودھری نے پروگرام کو کامیاب بنانے پر این ایس ایس ٹیم پروفیسر روپہ کماری، پروفیسر کرن ٹھپا اور ڈاکٹر امبیکا کی کوششوں کو سراہا۔ دیگر موجود اساتذہ میں ڈاکٹر شالینی رانا، پروفیسر بلوان سنگھ، ڈاکٹر شالینی شرما اور ڈاکٹر سورج پرکاش شامل تھے۔یہ لیکچر سیریز طلبہ میں علم، خود اعتمادی اور قیادت کی روح بیدار کرنے کی ایک اہم کاوش تھی جس نے نوجوان نسل کو نئے امکانات کی طرف متوجہ کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔