عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر //سالانہ امرناتھ یاترا کیلئے 1339یاتریوں پر مشتمل ایک اور قافلہ جموں بیس کیمپ سے وادی کی جانب روانہ ہو گیا تاہم خراب موسم اور مسلسل بارشوں کے باعث یاتریوں کو پہلگام اور بال تل بیس کیمپوں میں ہی روک دیا گیا اور انہیں آگے جانے کی اجازت نہیں دی گئی ۔ بدھ کو 1339یاتریوں کا ایک اورقافلہ جموں سے وادی کیلئے روانہ ہوا۔ 328 یاتریوں کو لے کر 16 گاڑیوں کا پہلا قافلہ صبح 3.28 بجے بال تل بیس کیمپ کے لیے روانہ ہوا، جب کہ 42 گاڑیوں پر مشتمل دوسرا قافلہ 1017 یاتریوں کو لے کر صبح 3.48 بجے پہلگام بیس کیمپ کے لیے روانہ ہوا۔ادھر بارشوں کے باعث بال تل اور پہلگام بیس کیمپ سے یاتریوں کو آگے بڑھنے کی اجازت نہیں دی گئی ۔ حکام کے مطابق مسلسل بارشوں کے باعث احتیاطی اقدام کے طورپر، امرناتھ یاترا بدھ کو دونوں اطراف یعنی پہلگام اور بالتال میں خراب موسم کی وجہ سے معطل کر دی گئی۔صوبائی کمشنر کشمیر وجے کمار بدھوری نے کہا کہ بدھ کی صبح سے مسلسل موسلادھار بارش کی وجہ سے یہ معطلی ہے۔