محمد تسکین
رام بن /رام بن ضلع کے سناسر علاقے میں بدھ کی صبح ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جب ادھم پور ضلع سے تعلق رکھنے والے دو سرکاری اساتذہ نتھا ٹاپ-سناسر سڑک پر موٹر سائیکل پر سفر کرتے ہوئے اچانک آنے والے سیلاب میںبہہ کر لقمہ اجل بن گئے ۔
پولیس کے مطابق، بدھ کی صبح 9:30 بجے جلیبی موڑ کے مقام پر ایک موٹر سائیکل زیر نمبر JK-14D/9667، برنگ نیلی سڑک کنارے پڑی ہوئی ملی، جس پر فوری طور پر تلاش مہم شروع کی گئی۔ ایس ایچ او وجے کوتوال اور ڈی ایس پی اوم پرکاش رام بن کی قیادت میں پولیس ٹیموں اور ایس ڈی آر ایف اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر تلاشی مہم شروع کر دی۔تلاشی کے دوران دونوں اساتذہ نعشیںلنک روڈ سے تقریباً 150 اور 300 میٹر دور نالے سے برآمد ہوئیں۔
جاں بحق افراد کی شناخت جگدیو سنگھ اور سنجے کمار کے طور پر ہوئی ہے، دونوں کا تعلق تحصیل گھوردی، رام نگر، ضلع ادھم پور سے ہے اور دونوں ادھم پور ضلع میں سرکاری اساتذہ کے طور پر تعینات تھے۔ دونوں اساتذہ 29 جولائی سے ڈی آئی ای ٹی، کُدمیں منعقدہ تین روزہ تربیتی پروگرام میں شرکت کے لیے آئے تھے اور آخری بار گزشتہ شام سناسر کی جانب جاتے ہوئے دیکھے گئے تھے، جب علاقے میں بارش ہو رہی تھی۔دونوں کی لاشیں میڈیکو لیگل کارروائی کے لیے بٹوت اسپتال منتقل کی جا رہی ہیں۔
موسمی قہرسامانیاں: ادھم پور کے دوسرکاری اساتذہ سیلاب میں بہہ کر لقمہ اجل
