بڈھا امرناتھ یاترا کا پہلا جتھہ پونچھ پہنچ گیا

Mir Ajaz
4 Min Read
oplus_0

راجوری، نوشہرہ اور سندربنی سے گزر کر یاتری درشن کے لئے روانہ، انتظامیہ اور عوام کا والہانہ استقبال

سمت بھارگو +حسین محتشم

راجوری+پونچھ //بابا بڈھا امرناتھ یاترا 2025 کا مقدس سفر پیر کے روز سخت حفاظتی انتظامات کے تحت شروع ہو گیا، جس کے پہلے جتھے نے پونچھ پہنچ کر یاترا کا آغاز کیا۔ یاتری بابا بڈھا امرناتھ مندر منڈی پونچھ میں حاضری دیں گے اور درشن کریں گے۔یہ سالانہ یاترا دس دنوں پر محیط ہوتی ہے اور راکھی کے تہوار (رکشا بندھن) کے دن اپنے اختتام کو پہنچتی ہے۔پیر کی صبح، پہلا جتھہ جموں سے روانہ ہوا جو سندربنی اور نوشہرہ سے ہوتا ہوا راجوری پہنچا، جہاں یاترا کیمپ میں یاتریوں کے لئے ظہرانے اور دیگر سہولیات کا انتظام کیا گیا تھا۔راجوری یاترا کیمپ میں سوامی شری ویشوتمنند سرسوتی جی مہاراج نے رسمی طور پر یاترا کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ممبر اسمبلی راجوری افتخار احمد، ڈپٹی کمشنر راجوری ابھیشیک شرما، پولیس اور سول انتظامیہ کے اعلیٰ افسران، بجرنگ دل، وشو ہندو پریشد اور بابا بڈھا امرناتھ یاترا کمیٹی کے نمائندگان بھی موجود تھے۔سوامی جی مہاراج نے اپنے خطاب میں یاتریوں کو اس مقدس سفر کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بابا بڈھا امرناتھ کا درشن نہ صرف روحانی سکون کا ذریعہ ہے بلکہ بھائی چارے اور یکجہتی کی علامت بھی ہے۔ انہوں نے یاتریوں کو پرامن اور منظم انداز میں یاترا مکمل کرنے کی تلقین کی۔راجوری سے پونچھ کی جانب روانگی کے وقت یاتریوں کو مقامی انتظامیہ اور سول سوسائٹی کی جانب سے والہانہ انداز میں رخصت کیا گیا۔ راستے میں مختلف مقامات پر یاتریوں کا استقبال کیا گیا اور اْنہیں پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔پونچھ ضلع صدر مقام پر پیر کی شام باقاعدہ طور پر یاترا کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں بڑی تعداد میں مقامی عوام، مذہبی و سماجی رہنما اور سرکاری افسران نے شرکت کی۔ یاتریوں کا پرتپاک خیر مقدم کرتے ہوئے ضلع انتظامیہ نے اْنہیں تمام سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ضلع پونچھ میں یاترا کے دوران سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ جگہ جگہ ناکے، سی سی ٹی وی کیمرے، بم اسکواڈ اور کمانڈو فورس تعینات کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ مقامی پولیس کے ساتھ ساتھ نیم فوجی دستے بھی سیکیورٹی کی نگرانی پر مامور ہیں۔انتظامیہ کی جانب سے یاتریوں کو پینے کا صاف پانی، طبی سہولیات، قیام و طعام اور دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔واضح رہے کہ بابا بڈھا امرناتھ مندر ریاست جموں و کشمیر کے اہم مذہبی مقامات میں شمار ہوتا ہے جہاں ہر سال ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مند درشن کیلئے آتے ہیں۔ اس یاترا کا مقصد نہ صرف روحانی تسکین حاصل کرنا ہے بلکہ مختلف مذاہب اور برادریوں کے درمیان بھائی چارے کو فروغ دینا بھی ہے۔انتظامیہ اور سول سوسائٹی کی مشترکہ کوششوں سے یاترا کا پہلا دن پْرامن اور عقیدت سے بھرپور طریقے سے مکمل ہوا، جس پر یاتریوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔

Share This Article