عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج وی کے بردی کا کہنا ہے کہ سری نگر کے مضافاتی علاقے ملنار ہارون کے گھنے جنگلات میں جاری انسدادِ دہشت گردی آپریشن کے دوران تین شدت پسندوں کے مارے جانے کی ابتدائی اطلاع موصول ہوئی ہے، تاہم شناخت کا عمل تاحال باقی ہے۔انہوں نے کہا کہ اضافی کمک کو علاقے کی اور روانہ کیا گیا ہے اور فی الحال آپریشن جاری ہے۔ان باتوں کا اظہار آئی جی پی نے ہارون سری نگر میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
وی کے بردی نے کہا:’سری نگر کے ہارون علاقے میں آپریشن ابھی بھی جاری ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق تین لاشیں دیکھی گئی ہیں اور بظاہر وہ مہلوک دہشت گردوں کی ہیں۔ شناخت میں ابھی وقت لگے گا کیونکہ سلامتی عملے کے اہلکار علاقے میں ہی موجود ہیں۔‘انہوں نے مزید کہا کہ سیکورٹی فورسز انتہائی احتیاط کے ساتھ علاقے کو مکمل طور پر صاف کر رہی ہیں تاکہ کسی بھی طرح کے ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔
آئی جی کشمیر نے یقین دہانی کرائی ہے کہ آپریشن مکمل ہوتے ہی مزید تفصیلات عوام کے ساتھ شیئر کی جائیں گی۔واضح رہے کہ پیر کی صبح سیکورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد ملنار ہارون کے جنگلی علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا جس دوران سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا۔
معلوم ہوا ہے کہ ابتدائی فائرنگ میں تین دہشت گرد مارے گئے جن کی شناخت اور تنظیمی وابستگی کے بارے میں جانچ پڑتال شروع کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع العریض جنگلی علاقے کو سیل کرکے فرار ہونے کے تمام راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں جبکہ لوگوں سے بھی تلقین کی گئی ہے کہ وہ فی الحال جنگلی علاقے کی اور جانے سے گریز کریں۔
چنار کور کے ترجمان نے ایکس پر جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ سری نگر کے مضافاتی علاقے میں فوج نے تین سخت گیر دہشت گردوں کو مار گرایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں آپریشن جاری ہے اورا س حوالے سے مزید تفصیلات آیا چاہتی ہے۔
ادھر مین اسٹریم میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ سری نگر کے مضافاتی علاقے میں فوج کے ساتھ تصادم میں پہلگام حملے کا ماسٹر مائنڈ اپنے دو ساتھیوں سمیت مارا گیا ہے تاہم فوج یا پولیس نے اس خبر کی تاحال تصدیق نہیں کی۔خیال رہے کہ ہارون علاقہ سری نگر کے مضافات میں واقع ہے، جہاں حالیہ دنوں میں مشتبہ دہشت گردوں سرگرمیوں کی اطلاعات کے بعد سیکورٹی فورسز نے سرچ آپریشن شروع کیا تھا۔
ہارون کے مضافاتی علاقے میں آپریشن جاری،مہلوک ملی ٹینٹوں کی شناخت ہونا باقی: آئی جی کشمیر
