عمر عبداللہ کا جموں دورہ: پولیس کارروائی میں جاں بحق نوجوان کے اہل خانہ سے ملاقات کریں گے

KU Admin
2 Min Read

عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ جموں کے نکی توی علاقے میں پولیس کارروائی کے دوران جاں بحق ہوئے نوجوان پرویز احمد کے اہل خانہ سے آج ملاقات کریں گے۔باوثوق ذرائع نے یو این آئی کو بتایا کہ وزیر اعلیٰ دوپہر دو بجے مرحوم نوجوان کے گھر جا کر اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کریں گے اور ان کے مطالبات کو ذاتی طور پر سنیں گے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ وزیر اعلیٰ نے اس افسوسناک واقعے پر سنجیدگی سے نوٹس لیا ہے اور انتظامیہ کو فوری طور پر انصاف کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز جموں کے ستواری علاقے میں فائرنگ کے ایک واقعے میں 21 سالہ پرویز احمد نامی نوجوان جاں بحق ہو گیا تھا، جس کے بعد علاقے میں شدید عوامی غم وغصہ دیکھنے کو ملا۔
نوجوان کی ہلاکت کے بعد حکومت نے اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے، جبکہ دو پولیس اہلکاروں کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔ ایک جانب مجسٹریل انکوائری جاری ہے، تو دوسری جانب سب ڈویژنل پولیس افسر کی قیادت میں الگ تفتیشی کارروائی بھی ہو رہی ہے۔نائب وزیر اعلیٰ سرندر چودھری بھی اتوار کو مرحوم کے گھر پہنچے تھے اور انہوں نے واقعے کو کھلے عام قتل قرار دیتے ہوئے ملوثین کے خلاف سخت کارروائی اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔
امکان ہے کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اپنی اس ملاقات کے دوران نہ صرف اہل خانہ کو انصاف کی یقین دہانی کرائیں گے بلکہ واقعے سے متعلق مکمل رپورٹ طلب کریں گے تاکہ مستقبل میں ایسے سانحات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔

Share This Article